روسی ہیکرز کا عالمی وزیروں کے واٹس ایپ اکاؤنٹس پر سائبر حملہ

یہ اقدامات برطانیہ اور اس کے اتحادی ممالک کے درمیان عدم اعتماد پیدا کرنے کی کوشش ہیں

روسی ہیکرز نے دنیا بھر کے حکومتی وزرا اور اہم عہدیداروں کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے، جنہیں ای میلز کے ذریعے واٹس ایپ گروپس میں شامل ہونے کی دعوت دی جا رہی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق، یہ ہیکرز حکومتی شخصیات کو واٹس ایپ گروپس کا حصہ بننے کی دعوت دینے والی ای میلز بھیج رہے ہیں۔ ان ای میلز میں موجود لنکس پر کلک کرنے سے صارفین کے واٹس ایپ اکاؤنٹس ہیکرز کی رسائی میں آ جاتے ہیں۔

برطانیہ کے نیشنل سائبر سیکیورٹی سینٹر (NCSC) نے ان حملوں کو بین الاقوامی اعتماد کو مجروح کرنے کی سازش قرار دیا ہے۔ این سی ایس سی کے مطابق، یہ اقدامات برطانیہ اور اس کے اتحادی ممالک کے درمیان عدم اعتماد پیدا کرنے کی کوشش ہیں۔

مائیکروسافٹ کے مطابق، ہیکرز اپنی شناخت امریکی حکومتی عہدیداروں کے طور پر کراتے ہیں اور وزرا کو ایک ای میل بھیجتے ہیں۔ اس ای میل میں انہیں ایک کیو آر کوڈ سکین یا لنک کلک کرنے کی درخواست کی جاتی ہے۔ لنک پر کلک کرنے سے یہ وزرا واٹس ایپ گروپس تک رسائی حاصل کرنے کے بجائے، اپنے اکاؤنٹس کو ہیکرز کے قبضے میں دے بیٹھتے ہیں۔ ہیکرز یوں ان کے اکاؤنٹس اور ذاتی ڈیٹا تک پہنچنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔

مائیکروسافٹ نے ای میل صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بیرونی لنکس یا غیر تصدیق شدہ ای میلز پر کلک کرنے سے گریز کریں۔ صرف ایسے ای میل ایڈریسز سے رابطہ کریں جو مستند اور جان پہچان والے ہوں تاکہ دھوکے سے بچا جا سکے۔

واٹس ایپ کے ترجمان نے کہا کہ اکاؤنٹ کو کسی دوسرے ڈیوائس سے لنک کرتے وقت، صرف واٹس ایپ کی آفیشل سروسز کا استعمال کریں۔ چاہے آپ کسی بھی شعبے سے تعلق رکھتے ہوں، ہمیشہ صرف ان لنکس کو کھولیں جن کے ذرائع پر بھروسہ کیا جا سکتا ہو۔

یہ حملے آن لائن سیکیورٹی کے معاملے پر حکومتی شخصیات اور اداروں کو زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین