حکومت مخالف اتحاد فروری میں اے پی سی بلانے پر غور

اتحاد کا بنیادی ایجنڈا آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کو بحال کرنا ہے۔

اسلام آباد:اپوزیشن جماعتوں کے گرینڈ الائنس نے فروری میں آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلانے پر غور شروع کر دیا ہے۔ کانفرنس کا مقصد ملک میں سیاسی، معاشی، آئینی، اور سکیورٹی مسائل پر تبادلہ خیال کرنا اور حل تجویز کرنا ہے۔

ذرائع کے مطابق، اپوزیشن قیادت کا ماننا ہے کہ موجودہ حالات سے نمٹنے کے لیے تمام جمہوری قوتوں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا ضروری ہے۔ اتحاد کا بنیادی ایجنڈا آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کو بحال کرنا ہے۔

اس کانفرنس میں وکلاء، ماہرین تعلیم، کسان، اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو بھی مدعو کیا جائے گا۔ اپوزیشن کا ارادہ ہے کہ حکومت کی نااہلی کے باعث پیدا ہونے والے مسائل پر غور کیا جائے اور ان کا حل نکال کر ملک کو درست راستے پر لے جایا جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ ملاقاتوں میں اپوزیشن رہنماؤں نے اے پی سی بلانے کے لیے تبادلہ خیال کیا۔ اس دوران پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر سے بھی مشاورت ہوئی۔ مزید برآں، اپوزیشن اتحاد مختلف سیاسی رہنماؤں سے رابطہ کر رہا ہے تاکہ ملک میں موجود بحرانوں سے نکلنے کا کوئی مشترکہ راستہ نکالا جا سکے۔

ذرائع نے بتایا کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رہنما فواد چوہدری سے بھی رابطہ کرنے پر غور کر رہا ہے۔ اگرچہ فواد چوہدری کی پی ٹی آئی میں واپسی کا فیصلہ ابھی تک نہیں ہوا، لیکن اتحاد میں شمولیت کی صورت میں وہ اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین