لاس اینجلس میں نئی آگ بھڑک اٹھی، 25 ہزار افراد کو فوری علاقہ خالی کرنے کی ہدایت

500 قیدیوں کو دیگر محفوظ جیلوں میں منتقل کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی غیر متوقع واقعے سے بچا جا سک

کیلی فورنیا :امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس کے شمال میں واقع کاسٹائک لیک کے جنگلات میں ایک نئی آگ بھڑک اٹھی ہے، جس کے نتیجے میں علاقے میں ہنگامی صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق آگ کے شعلے بے قابو انداز میں تیزی سے پھیل رہے ہیں اور پہاڑی علاقوں تک پہنچ چکے ہیں۔ صورت حال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے تقریباً 25 ہزار افراد کو فوری طور پر علاقہ خالی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
مزید احتیاطی تدابیر کے تحت 500 قیدیوں کو دیگر محفوظ جیلوں میں منتقل کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی غیر متوقع واقعے سے بچا جا سکے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آگ کی شدت میں اضافے کی بنیادی وجہ تیز ہواؤں کا زور ہے، جن کے باعث محض دو گھنٹوں میں پانچ ہزار ایکڑ سے زائد کا رقبہ آگ کی لپیٹ میں آ چکا ہے۔
لاس اینجلس کاؤنٹی فائر ڈپارٹمنٹ اور اینجلس نیشنل فارسٹ کے اہلکار آگ پر قابو پانے میں بھرپور مصروف ہیں، جبکہ ہیلی کاپٹروں اور چھوٹے طیاروں کی مدد سے بھی آگ بجھانے کی کارروائی جاری ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے 7 جنوری کو اسی علاقے میں لگنے والی آگ پر بھی مکمل قابو نہیں پایا جا سکا تھا، جس نے 40 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے کو خاکستر کر دیا تھا اور کم از کم 27 افراد کی جانیں لے لی تھیں۔ اس وقت بھی فائر فائٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ حالیہ آگ اگر فوری قابو میں نہ آئی تو مزید بڑے پیمانے پر تباہی کا سبب بن سکتی ہے۔

 

 

 

 

متعلقہ خبریں

مقبول ترین