بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا مشہور فلم ساز ایس ایس راجامولی کی آنے والی فلم ’ایس ایس ایم بی 29‘ میں نظر آئیں گی۔ اس فلم میں وہ مہیش بابو کے ساتھ مرکزی کردار ادا کریں گی۔ یہ فلم ایک عالمی سطح کی ایڈونچر فلم قرار دی جا رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق پریانکا چوپڑا نے اس فلم کے لیے تقریباً 30 کروڑ روپے کا معاوضہ طلب کیا ہے، جو انہیں راجامولی کی سب سے مہنگی اداکارہ بنا دیتا ہے۔ تاہم، فلم سے منسلک ذرائع نے ابھی تک اس بات کی باضابطہ تصدیق نہیں کی ہے۔
فلم کی شوٹنگ فی الحال حیدرآباد کی ایک ایلومینیم فیکٹری میں جاری ہے، جہاں مہیش بابو اور پریانکا چوپڑا موجود ہیں۔ رپورٹس کے مطابق، ایس ایس راجامولی نے اپنی ٹیم کے ساتھ رازداری کا معاہدہ کیا ہے، جس کے تحت کسی کو بھی شوٹنگ کے دوران موبائل فون استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ فلم کی آئندہ شوٹنگ کینیا کے جنگلات میں ہوگی۔ فلم ’ایس ایس ایم بی 29‘ کو دو حصوں میں ریلیز کیا جائے گا۔ پہلا حصہ 2027 میں جبکہ دوسرا حصہ 2029 میں سنیما گھروں میں دکھایا جائے گا۔