راولپنڈی:قلات میں سکیورٹی فورسز کی ایک کارروائی کے دوران 12 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا، جبکہ بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے 18 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 31 جنوری اور یکم فروری کی درمیانی رات دہشت گردوں نے بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقے منگچر میں سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کی۔ یہ بزدلانہ کارروائی دشمن قوتوں کے ایماء پر کی گئی۔
ترجمان کے مطابق دہشت گردوں کا مقصد صوبے کے پرامن ماحول کو خراب کرنا اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا تھا، تاہم سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری حرکت میں آئے۔
فورسز نے دہشت گردوں کے عزائم خاک میں ملا کر 12 دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا۔ اس دوران مقامی آبادی کی حفاظت اور علاقے کی سکیورٹی یقینی بنائی گئی۔
آپریشن کے دوران مادرِ وطن کے 18 بہادر سپوتوں نے جرأت و بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، اور سکیورٹی فورسز پرعزم ہیں کہ اس حملے کے ذمہ داروں، ان کے سہولت کاروں اور منصوبہ سازوں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہمارے بہادر شہداء کی قربانیاں ہمارے حوصلے اور عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے قلات میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے 18 سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر گہرے رنج و افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے دہشت گردوں کے خلاف بروقت کارروائی کرنے اور جام شہادت نوش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا، اور 12 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا۔
صدر مملکت نے شہداء کے درجات کی بلندی اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر بلوچستان میں امن و امان کو خراب کرنا چاہتے ہیں، لیکن سکیورٹی فورسز ان کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے سرگرم ہیں۔ پاکستانی عوام ایسے عناصر کو مسترد کرتے ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور 11 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے امن کو خراب کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا اور سکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان میں انتشار پھیلانے والے دراصل صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے دشمن ہیں، لیکن حکومت صوبے کی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردوں سے عوام کو محفوظ رکھنے کے لیے پاک فوج کا غیر متزلزل عزم قابلِ تعریف ہے۔