چیمپئنز ٹرافی: فہیم اشرف کی سلیکشن پر ہنگامہ، شائقین برہم

سلیکشن کمیٹی پر شدید تنقید، فیصلے کو ناقابل قبول قرار دے دیا

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان کے 15 رکنی اسکواڈ میں آل راؤنڈر فہیم اشرف کی شمولیت پر سلیکشن کمیٹی کو کڑی تنقید کا سامنا ہے، شائقین کرکٹ اس فیصلے پر سخت نالاں نظر آ رہے ہیں۔

گزشتہ روز سلیکشن کمیٹی کے رکن اسد شفیق نے قومی ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان کیا، جس میں کپتان محمد رضوان اور نائب کپتان سلمان علی آغا کے ساتھ بابراعظم، فخر زمان، کامران غلام، سعود شکیل، طیب طاہر، فہیم اشرف، خوشدل شاہ، عثمان خان، ابرار احمد، حارث رؤف، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور محمد حسنین کو شامل کیا گیا۔

اسکواڈ میں چار کھلاڑیوں کی واپسی ہوئی، جن میں فخر زمان، سعود شکیل، فہیم اشرف اور خوشدل شاہ شامل ہیں۔

سوشل میڈیا پر فہیم اشرف اور سعود شکیل کو ون ڈے اسکواڈ میں شامل کرنے کے فیصلے پر شائقین نے برہمی کا اظہار کیا۔ فینز نے سلیکشن کمیٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر ٹیم کو فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر کی ضرورت تھی تو عامر جمال ایک بہتر آپشن ہو سکتے تھے۔

ایک صارف نے سوال اٹھایا کہ "آخر کیوں ہر بڑے ایونٹ سے پہلے فہیم اشرف کو ٹیم میں شامل کر لیا جاتا ہے؟” جب کہ دوسرے صارف نے ان کی شمولیت کو "بدقسمتی” اور "ناقابل قبول” قرار دیا۔

یہ بھی قابل ذکر ہے کہ آل راؤنڈر فہیم اشرف نے آخری مرتبہ 11 ستمبر 2023 کو بھارت کے خلاف ایشیا کپ کے میچ میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی، جہاں قومی ٹیم کو مایوس کن شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین