غیر ملکی آقاؤں کی پراکسی بننے والوں کو ہم خوب پہچانتے ہیں، آرمی چیف

جنرل سید عاصم منیر کی اندرونی و بیرونی دشمنوں کو واضح انتباہ

اسلام آباد:چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے اندرونی اور بیرونی دشمنوں کو دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ جو لوگ غیر ملکی طاقتوں کے آلہ کار بن کر کام کر رہے ہیں اور منافقت کا نقاب اوڑھے ہوئے ہیں، انہیں ہم اچھی طرح پہچانتے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، آرمی چیف نے گزشتہ روز بلوچستان میں این آئی ایم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاکستان کے مخالفین کو واضح اور سخت پیغام دیا۔

آرمی چیف نے زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ لوگ جو موقع پرستی میں مہارت رکھتے ہیں، کبھی دشمن کے ساتھ مل کر سازشیں کرتے ہیں اور کبھی معصوم بننے کی کوشش کرتے ہیں، ہمیں ان سب کا بخوبی علم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم اور مسلح افواج کی مشترکہ طاقت سے ایسے دشمنوں کو ہر حال میں شکست دی جائے گی، ان شاء اللہ!

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم اپنے وطن اور عوام کے دفاع کے لیے پوری قوت کے ساتھ دشمن عناصر کا خاتمہ کریں گے، چاہے وہ جہاں بھی چھپے ہوں۔

بلوچستان کے عوام کی سلامتی اور ترقی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے، جنرل عاصم منیر نے اس عزم کو دہرایا کہ پاک فوج صوبے میں امن، استحکام اور ترقی کو یقینی بنانے کے لیے صوبائی حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین