وزیر داخلہ کو اپنی باتوں پر شرم آنی چاہیے، اس بار مکمل تیاری کے ساتھ اسلام آباد آئیں گے، جنید اکبر

8 فروری کو ہم یہ ثابت کریں گے کہ ہمارا منڈیٹ ہم سے چھینا نہیں جا سکتا

پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے صدر اور رکن قومی اسمبلی جنید اکبر نے وزیر داخلہ محسن نقوی پر سخت تنقید کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس بار ہم پوری تیاری کے ساتھ نکلیں گے۔ ہمیں توقع نہیں تھی کہ ہم پر گولیاں چلائی جائیں گی، لیکن وزیر داخلہ اور انہیں لانے والے اگر یہ سمجھ رہے ہیں کہ ایسے ہتھکنڈوں سے ہم خوفزدہ ہو جائیں گے تو یہ ان کی غلط فہمی ہے۔ اگر بانی چیئرمین نے حکم دیا تو ہم کسی کو مایوس نہیں کریں گے۔

پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے صدر بننے کے بعد جنید اکبر پہلی بار پشاور موٹروے ٹول پلازہ پہنچے، جہاں کارکنوں نے ان کا بھرپور استقبال کیا اور پھولوں کے ہار پہنائے۔ اس موقع پر پشاور سے ارکان اسمبلی بھی موجود تھے۔

میڈیا سے گفتگو میں جنید اکبر نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اس بار ہم بھرپور تیاری کے ساتھ نکلیں گے۔ ہمیں امید نہیں تھی کہ ہمارے پرامن کارکنوں پر گولیاں چلائی جائیں گی، لیکن اس دفعہ ہم اس امکان کو رد نہیں کر رہے۔ ہم مختلف آپشنز پر غور کر رہے ہیں اور بانی چیئرمین کے احکامات پر مکمل عمل کریں گے۔ ہم اس بار نہ اپنے قائد کو مایوس کریں گے اور نہ عوام کو۔

انہوں نے بتایا کہ 8 فروری کو صوابی میں ایک تاریخی جلسے کی تیاریاں جاری ہیں، جو تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ثابت ہوگا۔ پارٹی کارکنان اور عوام بھرپور انداز میں اس میں شرکت کریں گے۔

اداروں سے رابطے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے جنید اکبر نے واضح کیا کہ پارٹی تصادم کی راہ اختیار نہیں کرنا چاہتی اور اداروں کے ساتھ بہتر تعلقات قائم رکھنا چاہتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کی جانب سے حکومتی اور اداروں سے مذاکرات کا راستہ اختیار کیا جا رہا ہے تاکہ مسائل کا پرامن حل نکالا جا سکے۔

جنید اکبر کا کہنا تھا کہ وہ حکومتی معاملات میں دخل نہیں دیں گے، یہ وزیراعلیٰ کا اختیار ہے، جبکہ وہ خود صرف پارٹی کی ذمہ داریوں پر توجہ دیں گے۔ قیادت نے حکومت اور پارٹی کے معاملات کو الگ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، اور اس پر عمل کیا جا رہا ہے۔

جنید اکبر نے خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کو مزید منظم کرنے کی ذمہ داری سنبھال لی ہے۔ پارٹی اجلاس میں انہوں نے ارکان اسمبلی، پارٹی عہدیداروں اور بلدیاتی نمائندوں کو واضح ہدایات دیں۔

اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی جلسوں کے لیے کسی سے پیسے نہیں لیے جائیں گے اور نہ کسی کارکن کو جلسے میں لوگوں کو لانے کا ہدف دیا جائے گا۔ جنید اکبر نے کہا کہ تحریک انصاف ہمارا گھر ہے، ہم اپنی پارٹی کو کسی بھی طرح نقصان نہیں پہنچائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کی خواہش کسی وزارت کے حصول کی نہیں بلکہ پارٹی کی خدمت کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں ڈیڑھ ماہ پہلے صوبائی صدر بننے کے لیے قائل کیا جا رہا تھا، لیکن بانی چیئرمین کے حکم کے بعد انہوں نے یہ ذمہ داری قبول کی۔

جنید اکبر نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ 8 فروری کو ہم یہ ثابت کریں گے کہ ہمارا منڈیٹ ہم سے چھینا نہیں جا سکتا، اور ہم اپنے حقوق کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین