بھارتی فوج کے بے بنیاد دعوے مایوسی کا اظہار، کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیں گے، آرمی چیف

پاکستانی فوج مادرِ وطن کی خود مختاری اور سلامتی کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہے، جنرل عاصم منیر کا کور کمانڈرز کانفرنس سے خطاب

راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارتی فوجی قیادت کے حالیہ غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز بیانات ان کی بڑھتی ہوئی مایوسی کا مظہر ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کسی بھی مہم جوئی کا پوری قوت سے جواب دے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری) کی زیر صدارت 267ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں وطن کے امن و استحکام کے لیے افواجِ پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عام شہریوں کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

فورم میں ملکی سلامتی کو درپیش خطرات اور موجودہ داخلی و خارجی سیکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) اور ورکنگ باؤنڈری پر تازہ ترین حالات پر تبادلہ خیال کیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق، اجلاس میں یوم یکجہتی کشمیر (5 فروری 2025) کے موقع پر کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا اور بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی گئی، جنہیں خطے کے امن و استحکام کے لیے ایک بڑا خطرہ قرار دیا گیا۔

فورم نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کی جدوجہد میں پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا اور بین الاقوامی سطح پر ان خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے کے لیے تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

اجلاس میں بھارتی فوجی قیادت کے حالیہ غیر دانشمندانہ اور اشتعال انگیز بیانات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے انہیں غیر ذمہ دارانہ اور خطے کے امن کے لیے خطرناک قرار دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے فورم سے خطاب میں کہا کہ پاک فوج ملک کی خود مختاری اور دفاع کے لیے ہر دم تیار ہے۔ بھارتی فوج کے کھوکھلے دعوے دراصل ان کی اندرونی ناکامیوں اور بڑھتی ہوئی مایوسی کا ثبوت ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسے بیانات بھارتی قیادت کی اپنے عوام اور عالمی برادری کی توجہ اندرونی خلفشار اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے ہٹانے کی کوشش ہیں۔ کسی بھی قسم کی جارحیت کا پاکستان پوری طاقت سے جواب دے گا۔

فورم میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افغان سرزمین کے استعمال پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ افغان عبوری حکومت دہشت گرد گروہوں کی موجودگی سے انکار کرنے کے بجائے ان کے خلاف عملی اقدامات کرے۔

اجلاس میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ پاکستان اپنی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری حکمت عملیوں کو جاری رکھے گا۔ بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کو مزید تیز کرنے پر زور دیا گیا تاکہ عوام میں پھیلائے جانے والے منفی تاثرات کا خاتمہ کیا جا سکے۔

ترجمان کے مطابق، فورم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں امن و امان خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ غیر ملکی عناصر کی پشت پناہی سے چلنے والی تنظیموں کے عزائم بلوچستان کے عوام کی حمایت سے ناکام بنا دیے جائیں گے۔

آرمی چیف نے تمام فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں کو سراہتے ہوئے مشن پر مبنی تربیت، عسکری تعاون اور روایتی و انسداد دہشت گردی مشقوں کے انعقاد کی اہمیت پر زور دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، کانفرنس کے اختتام پر آرمی چیف نے اس بات کا اعادہ کیا کہ عسکری قیادت قوم کو درپیش چیلنجز سے بخوبی آگاہ ہے اور عوام کی حمایت کے ساتھ اپنی آئینی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین