جعلی انٹرنشپ ویب سائٹس کے ذریعے طلبہ کے بینک اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہیک کرنے کی کوشش

 طلبہ صرف حکومت پاکستان کی آفیشل ویب سائٹس سے ہی انٹرنشپ یا اسکالرشپ کے لیے اپلائی کریں:ماہرین

اسلام آباد: جعلی انٹرنشپ ویب سائٹس کے ذریعے طلبہ و طالبات کے بینک اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہیک کرنے کی کوششوں کا انکشاف ہوا ہے۔ ماہرین نے طلبہ کو خبردار کیا ہے کہ وہ صرف حکومت پاکستان کی سرکاری ویب سائٹس کے ذریعے ہی انٹرنشپ یا اسکالرشپ کے لیے درخواست دیں۔

ماہرین کے مطابق، جرائم پیشہ افراد نے سرکاری انٹرنشپ پروگرامز سے مشابہ جعلی ویب سائٹس تیار کر رکھی ہیں، جو بالکل اصل ویب سائٹس کی طرح دکھائی دیتی ہیں۔ ان ویب سائٹس کے ذریعے طلبہ کی ذاتی معلومات حاصل کر کے، مجرم ان کے بینک اکاؤنٹس اور دیگر حساس معلومات چوری کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

مزید برآں، جعل ساز طلبہ کو کال کر کے خود کو سرکاری انٹرنشپ پروگرام کا نمائندہ ظاہر کرتے ہیں اور ایک مخصوص تصدیقی کوڈ طلب کرتے ہیں، جو طلبہ کے موبائل فون پر بھیجا جاتا ہے۔ جیسے ہی یہ کوڈ فراہم کیا جاتا ہے، ان کے اکاؤنٹس ہیک کر لیے جاتے ہیں۔

ماہرین کا مشورہ ہے کہ طلبہ کسی بھی غیر مصدقہ ویب سائٹ پر اپنی معلومات درج نہ کریں اور کسی اجنبی شخص سے فون پر ذاتی تفصیلات یا تصدیقی کوڈ شیئر نہ کریں۔ وہ صرف حکومت پاکستان کی آفیشل ویب سائٹس سے انٹرنشپ یا اسکالرشپ کے لیے درخواست دیں تاکہ کسی بھی قسم کے فراڈ سے محفوظ رہ سکیں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین