امریکا میں کی گئی ایک تازہ تحقیق کے مطابق، نوجوان بالغ افراد میں قبل از وقت اموات کی شرح میں تشویشناک اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس کی بڑی وجوہات منشیات کا حد سے زیادہ استعمال اور صحت کی خراب صورتحال ہیں۔
جاما نیٹ ورک اوپن میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 25 سے 44 سال کی عمر کے افراد میں 2023 میں جلد موت کی شرح 2011 کے مقابلے میں 70 فیصد زیادہ تھی۔
یونیورسٹی آف مینیسوٹا میں سوشیالوجی کی ایسوسی ایٹ پروفیسر، الزبتھ رگلی کے مطابق، کورونا وائرس کی وبا سے پہلے بھی نوجوانوں میں قبل از وقت اموات کی شرح متوقع سطح سے زیادہ تھی۔
تحقیق کے مطابق، 2019 میں اس عمر کے افراد میں اموات کی شرح متوقع سطح سے تقریباً 35 فیصد زیادہ تھی، جبکہ وبائی مرض کے دوران یہ تعداد تین گنا بڑھ گئی۔
2023 میں اگرچہ نوجوان بالغ افراد میں اموات کی مجموعی شرح میں کچھ کمی دیکھی گئی، لیکن جلد اموات کی سطح اب بھی متوقع حد سے 70 فیصد زیادہ رہی، جو ایک سنگین تشویش کا باعث ہے۔