عرفی جاوید کی اُدِت نارائن کی وائرل ویڈیو پر دلچسپ رائے، نیا تنازعہ کھڑا ہوگیا

تنازعہ بڑھنے کے ساتھ سوشل میڈیا پر صارفین کی رائے بھی دو حصوں میں بٹ چکی ہے

بھارتی موسیقی کے معروف گلوکار اُدِت نارائن ایک وائرل ویڈیو کی وجہ سے شدید تنقید کی زد میں آگئے ہیں، جس میں انہیں ایک کنسرٹ کے دوران اپنی مداح کے ساتھ ایسا رویہ اپناتے دیکھا گیا جو سوشل میڈیا صارفین کو ناگوار گزرا۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب اُدِت نارائن ایک مقبول گانے ‘ٹپ ٹپ برسا پانی’ پر پرفارم کر رہے تھے۔ اس دوران کچھ مداح ان کے قریب آ کر سیلفیز بنانے لگے، مگر ایک خاص لمحہ ایسا تھا جب ایک خاتون مداح کے قریب آنے پر اُدِت نارائن نے اسے بوسہ دے دیا، جس کے بعد انٹرنیٹ پر ایک ہنگامہ برپا ہو گیا۔

ویڈیو وائرل ہوتے ہی صارفین نے سخت ردعمل دیا اور اُدِت نارائن کے اس رویے کو غیر مناسب قرار دیا، جس کے بعد گلوکار نے خود اس معاملے پر وضاحت دی۔ انہوں نے اپنے عمل کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک شریف النفس شخص ہیں اور مداح اپنی محبت مختلف طریقوں سے ظاہر کرتے ہیں، کوئی مصافحہ کرتا ہے، کوئی ہاتھ چومتا ہے، اور یہ عقیدت کا حصہ سمجھا جانا چاہیے۔

اس تنازعے پر جہاں کئی مشہور شخصیات نے اظہار خیال کیا، وہیں ماڈل عرفی جاوید نے اپنے منفرد انداز میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا، ’’وہ 69 سال کے ہیں، اس عمر میں ایسا ہوتا ہے۔‘‘ ان کے اس تبصرے نے سوشل میڈیا پر مزید چہ مگوئیوں کو جنم دے دیا۔

دوسری جانب، معروف گلوکار ابھیجیت بھی اُدِت نارائن کے حق میں بول پڑے۔ ان کا کہنا تھا کہ مداح خود ان کے قریب آتے ہیں، وہ کسی کو زبردستی نہیں بلاتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اُدِت نارائن ایک لیجنڈری رومانوی گلوکار ہیں اور انہیں اپنے شاندار کیریئر کا لطف اٹھانے دینا چاہیے۔

یہ تنازعہ بڑھنے کے ساتھ سوشل میڈیا پر صارفین کی رائے بھی دو حصوں میں بٹ چکی ہے، کچھ لوگ اُدِت نارائن کی حمایت کر رہے ہیں، جبکہ بعض ان کے اس عمل کو نا مناسب قرار دے رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین