پاکستان جوڈیشل کمیشن نے لاہور ہائیکورٹ میں 9 ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کی باضابطہ منظوری دے دی۔ چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں سپریم کورٹ میں منعقدہ اجلاس میں اس حوالے سے فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس کے دوران لاہور ہائیکورٹ میں 10 ایڈیشنل ججز کی تعیناتی پر غور کیا گیا، جس کے لیے جوڈیشل کمیشن کو مجموعی طور پر 49 نامزدگیاں موصول ہوئیں۔ ان میں 4 ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز اور 45 سینئر وکلاء شامل تھے۔
اجلاس میں تفصیلی مشاورت کے بعد جوڈیشل کمیشن نے 9 ناموں کی منظوری دی، جن میں خالد اسحاق، چوہدری سلطان محمود، جواد ظفر، سردار اکبر علی ڈوگر، اویس خالد، ملک جاوید اقبال وائنس، احسن رضا کاظمی، حسن نواز مخدوم، اور ملک وقار حیدر اعوان شامل ہیں۔
اجلاس کے بعد جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا کہ جوڈیشل کمیشن کی اکثریتی رائے سے لاہور ہائیکورٹ میں 9 ایڈیشنل ججز کی تقرری کی منظوری دی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق، اجلاس کا آغاز ممبر جوڈیشل کمیشن ایڈوکیٹ اختر حسین کی اہلیہ کے انتقال پر فاتحہ خوانی سے کیا گیا۔ اس کے بعد ایڈیشنل ججز کی نامزدگیوں پر غور کیا گیا، جس کے نتیجے میں مذکورہ 9 ناموں کو حتمی منظوری دی گئی۔
یہ تقرریاں عدالتی نظام میں بہتری اور مقدمات کی تیز رفتار سماعت کو یقینی بنانے کے لیے کی گئی ہیں، تاکہ عوام کو جلد انصاف فراہم کیا جا سکے۔