ٹرمپ کا غزہ پر قبضے کا اعلان، اسرائیلی وزیر دفاع نے فوج کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دے دیا

واضح رہے کہ امریکی صدر کے متنازع اعلان کے بعد عالمی سطح پر شدید مذمت کی گئی

امریکی صدر کے غزہ پر قبضے کے اعلان کے بعد اسرائیلی وزیر دفاع نے فوج کو تیار رہنے کا حکم دے دیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیر دفاع نے جمعرات کو اپنی فوج کو تیار رہنے کے احکامات جاری کیے، جس میں کہا گیا کہ غزہ کے رہائشیوں کو رضا کارانہ طور پر علاقہ چھوڑنے کے منصوبے پر عمل درآمد کے لیے فوج پوری طرح مستعد رہے۔

یہ احکامات ایسے وقت میں دیے گئے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ پر قبضے کا اعلان کیا، جس پر عالمی برادری نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

اسرائیلی وزیر دفاع نے امریکی صدر کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ غزہ کے شہریوں کو اپنی مرضی سے ہجرت کرنے کا اختیار ہونا چاہیے، جیسا کہ بین الاقوامی قوانین میں مہاجرین کے لیے طے شدہ اصول موجود ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل ان ممالک سے توقع رکھتا ہے، جنہوں نے غزہ میں اسرائیلی کارروائی کی مخالفت کی تھی، جیسے اسپین، آئرلینڈ، ناروے اور دیگر یورپی ممالک، کہ وہ فلسطینی شہریوں کو پناہ دینے کے لیے تیار ہوں۔

وزیر دفاع نے یہ بھی عندیہ دیا کہ اسرائیل غزہ کے شہریوں کی نقل مکانی کے لیے زمینی، فضائی اور سمندری راستوں سے خصوصی انتظامات کی حکمت عملی ترتیب دے رہا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر کے متنازع اعلان کے بعد عالمی سطح پر شدید مذمت کی گئی، جس کے بعد امریکی حکام کی جانب سے وضاحتی بیانات بھی سامنے آئے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین