لاہور:پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی، جس کے تحت ہفتہ 8 فروری کو ہر قسم کے جلسے، جلوس، دھرنے اور احتجاج پر مکمل پابندی ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق یہ اقدام امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ اس دوران کوئی بھی سیاسی احتجاج، ریلی یا عوامی اجتماع منعقد نہیں کیا جا سکے گا۔
پنجاب کے محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر عوامی اجتماعات دہشت گردوں کے لیے آسان ہدف بن سکتے ہیں۔ حکام کے مطابق شرپسند عناصر ایسے مواقع سے فائدہ اٹھا کر ریاست مخالف سرگرمیاں کر سکتے ہیں، جس سے امن و امان کی صورتحال خراب ہونے کا خطرہ ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان اور انٹیلی جنس اداروں کی سفارشات پر کیا گیا ہے تاکہ ممکنہ خطرات کو روکا جا سکے۔