ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے امریکی صدر کے غزہ پر قبضے کے بیان کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی غزہ کے عوام کو ان کی زمین سے نکالنے کا حق حاصل نہیں۔ اقوام متحدہ سمیت کئی عالمی اداروں اور ممالک نے بھی امریکی اعلان کی مخالفت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان کا کہنا ہے کہ غزہ کے لوگوں کو ان کی زمین سے نکالنے کا اختیار کسی کو نہیں ہے۔
ترک صدر نے امریکی صدر کے غزہ پر قبضے کے بیان کو بے معنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پر بحث کرنا بھی فضول ہے کیونکہ یہ منصوبہ مکمل طور پر غیر حقیقت پسندانہ ہے۔
رجب طیب اردوان نے واضح کیا کہ غزہ کے عوام اپنی زمین پر ہی رہیں گے اور وہی اس کی حفاظت کریں گے۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ امریکا غزہ کی پٹی پر قبضہ کر لے گا اور وہاں استحکام کے نام پر مکمل کنٹرول حاصل کرے گا۔
ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکا اس علاقے کا مالک ہوگا، جس کا مقصد وہاں ترقی لانا، روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور شہریوں کو بسانا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ غزہ میں طویل المدتی ملکیت کے حق میں ہیں اور اس علاقے کو ترقی دینے کے منصوبے پر کام کریں گے۔
ٹرمپ کے اس اعلان پر اقوام متحدہ سمیت دنیا کے کئی ممالک نے شدید ردعمل دیا اور فلسطینی عوام کو ان کے علاقے سے بےدخل کرنے کی مخالفت کی۔ عالمی برادری نے دو ریاستی حل پر زور دیتے ہوئے فلسطین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔