چھوٹے کاروباری اداروں کے لیے سعودی عرب میں سرمایہ کاری کے دروازے کھل گئے

سعودی مارکیٹ میں داخل ہونے والی پاکستانی کمپنیوں کے لیے لائسنسنگ اور رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنانے کے طریقوں پر بھی غور

اسلام آباد:پاکستان اور سعودی عرب نے ڈیجیٹل معیشت میں تعاون بڑھانے کے لیے ایک اہم معاہدہ کیا ہے، جس کے تحت پاکستانی اسٹارٹ اپس اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (SMEs) کو سعودی مارکیٹ تک رسائی ملے گی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب نے ڈیجیٹل سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے معاہدہ کرلیا۔ اس کا مقصد پاکستانی اسٹارٹ اپس اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (SMEs) کے لیے سعودی مارکیٹ تک رسائی کو آسان بنانا ہے۔
یہ معاہدہ LEAP 2025 کانفرنس کے دوران پاکستان کی وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی، شزہ فاطمہ خواجہ اور سعودی ڈپٹی انویسٹمنٹ منسٹر، ابراہیم المبارک کے درمیان ملاقات میں طے پایا۔
دونوں رہنماؤں نے مصنوعی ذہانت (AI)، کلاؤڈ کمپیوٹنگ اور فِن ٹیک جیسے شعبوں میں کاروباری تعاون (B2B) کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا۔
پاکستان کی وزیر مملکت، شزہ فاطمہ نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ڈیجیٹل ماحول فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا تاکہ عالمی سرمایہ کار پاکستان کی طرف راغب ہوں۔
دوسری جانب سعودی عرب نے پاکستان کی ہنر مند افرادی قوت اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں ترقی پر اعتماد ظاہر کرتے ہوئے پاکستانی اسٹارٹ اپس کے لیے عالمی سطح پر مواقع پیدا کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
اس ملاقات میں سعودی مارکیٹ میں داخل ہونے والی پاکستانی کمپنیوں کے لیے لائسنسنگ اور رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنانے کے طریقوں پر بھی غور کیا گیا۔ اس کے علاوہ، دونوں ممالک نے مشترکہ تحقیق و ترقی (R&D) کے منصوبوں کو فروغ دینے اور پاکستانی پروفیشنلز کے ڈگری تصدیقی عمل کو ڈیجیٹل بنانے پر بھی اتفاق کیا۔
شزہ فاطمہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ڈیجیٹل معیشت میں تعاون، خطے میں ترقی اور جدت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

 

 

 

 

 

متعلقہ خبریں

مقبول ترین