لاہور:نظام المدارس پاکستان کے چوتھے یوم تاسیس کی تقریب مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوئی، کیک کاٹا گیا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے نظام المدارس پاکستان کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر میر آصف اکبر نے کہا کہ 4 سال کے مختصر عرصہ میں پونے تین سو سال پرانے نصاب کو تبدیل کرنے کے ساتھ ساتھ امتحانی نظام کو فول پروف بنایا۔ یہ واحد بورڈ ہے جو ملک بھر میں قائم امتحانی سنٹرز کی آن لائن مانیٹرنگ کرتا ہے۔ نظام المدارس پاکستان کے تنظیمی و انتظامی امور کو ڈیجیٹلائزکیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدارس دینیہ مصطفوی تعلیمات و فکر کے وارث اور اسلام کے قلعے ہیں، ہماری کوششوں سے ہزاروں طلباء تعلیم و ترقی کے مرکزی دھارے کا حصہ بنے ہیں۔ آئی ٹی سمیت فنی تعلیم کی فراہمی کے ضمن میں ریاست پاکستان کی دلچسپی اور تعاون قابل تحسین ہے۔ مدارس دینیہ کو نظر انداز کیا جاتا رہا ہے جس کی وجہ سے ہزاروں طلباء تعلیم حاصل کرنے کے باوجود ترقی کے قومی دھارے سے باہر تھے۔ اب صورت حال بدل رہی ہے۔ چوتھے یوم تاسیس کے سلسلے میں ملک بھر میں نظام المدارس کے تدریسی اداروں میں کیک کاٹے گئے اور نیا نصاب دینے کے حوالے سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی عملی و فکری راہ نمائی پر اُنہیں مبارکباد دی گئی۔ تقریب میں ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، انجینئر محمد رفیق نجم، بریگیڈیئر(ر) عمر حیات، پروفیسر ڈاکٹر اکرم رانا، نظام المدارس پاکستان کے کنٹرولر امتحانات علامہ عین الحق بغدادی، نائب ناظم اعلیٰ میڈیا افیئرزنوراللہ صدیقی، عمران یونس نے شرکت کی۔