سوشل میڈیا پر اپنے منفرد اور مزاحیہ انداز کی وجہ سے شہرت پانے والے گلوکار چاہت فتح علی خان نے اپنی میوزک اکیڈمی کھولنے کا اعلان کر دیا ہے، جہاں نہ صرف گلوکاری بلکہ اداکاری کی بھی تربیت دی جائے گی۔
نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کے دوران، چاہت فتح علی خان نے بتایا کہ وہ جلد ہی لاہور میں ’چاہت فتح علی خان اکیڈمی‘ کا آغاز کریں گے۔ اس اکیڈمی میں گائیکی کے ساتھ ساتھ اداکاری کی تعلیم بھی دی جائے گی، تاکہ نئے ٹیلنٹ کو ابھرنے کا موقع مل سکے۔
پروگرام کے دوران، جب میزبان نے ان سے ان کی شادی کے بارے میں سوال کیا کہ وہ کس قسم کی لڑکی سے شادی کرنا پسند کریں گے، تو انہوں نے دلچسپ انداز میں جواب دیا کہ وہ میزبان جیسی لڑکی سے شادی کرنا چاہتے ہیں اور پچھلے ایک سال سے اس کے پیچھے لگے ہوئے ہیں۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ چاہت فتح علی خان کو سوشل میڈیا پر اصل مقبولیت اس وقت ملی جب انہوں نے میڈم نور جہاں کے مقبول گانے ’بدو بدی‘ کا ریمیک پیش کیا۔ اگرچہ ان کی گائیکی پر تنقید بھی کی جاتی ہے، تاہم ان کے منفرد اور مزاحیہ انداز کی وجہ سے ان کے مداحوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے جو ان کے ہر نئے گانے کا بے صبری سے انتظار کرتی ہے۔