ریو ڈی جنیرو: برازیل میں ہونے والی ایک تاریخی لائیو اسٹاک نیلامی میں نیلور نسل کی ایک گائے حیران کن طور پر ایک ارب 28 کروڑ روپے میں فروخت ہوگئی، جسے لائیو اسٹاک نیلامی کی تاریخ کی سب سے بڑی بولی قرار دیا جا رہا ہے۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق برازیل میں منعقدہ اس نیلامی میں نیلور نسل کی گائے، جسے مقامی طور پر "ویاتینا 19 ایف آئی وی مارا اموویز” کہا جاتا ہے، سب سے زیادہ قیمت پر فروخت ہونے والا جانور بن گئی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ نیلامی مویشیوں کی خرید و فروخت کے شعبے میں ایک نیا سنگ میل ہے۔
ماہرین کے مطابق اس نیلامی کی سب سے بڑی وجہ اس گائے کی منفرد خصوصیات ہیں، جو اسے دیگر نسلوں سے ممتاز کرتی ہیں۔ نیلور نسل کی گائے اپنی چمکدار سفید کھال، شاندار قد کاٹھ، خوبصورت جسمانی ساخت، اور کندھوں پر نمایاں کوہان کی وجہ سے مشہور ہے۔ یہی خوبیاں اسے لائیو اسٹاک کی دنیا میں ایک قیمتی اور نایاب نسل کے طور پر نمایاں کرتی ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ نیلور گائے کا اصل تعلق بھارت سے ہے، تاہم وقت کے ساتھ یہ برازیل میں ایک نمایاں نسل کے طور پر اپنی جگہ بنا چکی ہے اور ملک میں سب سے زیادہ پسند کی جانے والی مویشی اقسام میں شامل ہو گئی ہے۔
یہ تاریخی نیلامی لائیو اسٹاک مارکیٹ میں ایک نیا باب رقم کر چکی ہے اور اس کی غیرمعمولی قیمت نے دنیا بھر میں مویشی پالنے اور فروخت کے شعبے میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔