چیمپئنز ٹرافی شروع ہونے سے پہلے ہی بھارت نےبڑا دعویٰ کر دیا

بھارتی صحافیوں اور یوٹیوبرز نے اپنی ٹیم کو جیت کے لیے فیورٹ قرار دینا شروع کر دیا 

لاہور:چیمپئنز ٹرافی 2025 کے آغاز سے پہلے بھارتی صحافیوں اور یوٹیوبرز نے اپنی ٹیم کے حق میں بڑے دعوے شروع کر دیے ہیں۔ کچھ ماہرین کا ماننا ہے کہ بھارتی ٹیم ٹرافی جیتنے کی سب سے مضبوط دعویدار ہے، جبکہ کچھ شائقین اور ناقدین اپنی ہی ٹیم کے سلیکشن پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق چیمپئنز ٹرافی 2025 کے آغاز سے قبل بھارتی صحافیوں اور یوٹیوبرز نے اپنی ٹیم کو جیت کے لیے فیورٹ قرار دینا شروع کر دیا ہے۔ مشہور اسپورٹس تجزیہ کار وکرانت گپتا سمیت کئی بھارتی صحافیوں کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی جیتنے کی سب سے مضبوط امیدوار ہے، جبکہ دیگر ٹیموں میں کچھ نہ کچھ کمزوریاں موجود ہیں۔

سوشل میڈیا پر بھی بحث جاری ہے، اور کچھ تجزیہ کاروں نے بنگلادیش کے خلاف میچ کو "پریکٹس میچ” تک قرار دے دیا ہے۔ دوسری جانب، بھارتی یوٹیوبرز نے پاکستانی اسکواڈ اور سلیکشن کمیٹی پر تنقید کی ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ برصغیر کی کنڈیشنز میں فاسٹ بولرز پر زیادہ انحصار کرنا دانشمندی نہیں ہے۔

ادھر بھارتی کرکٹ ٹیم کے شائقین اپنے ہی کوچ کو شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ خاص طور پر ہرشیت رانا کی اسکواڈ میں شمولیت پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، اور بعض مداحوں نے اس سلیکشن کو جانبدارانہ فیصلہ قرار دیا ہے۔

اس سے پہلے، بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے تصدیق کی تھی کہ فاسٹ بولر جسپریت بمراہ چیمپئنز ٹرافی 2025 میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ انہیں سڈنی میں آسٹریلیا کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ کے دوران کمر کی انجری کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کے باعث وہ ایونٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔ ان کی جگہ اسپنر ورن چکرورتی کو اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔

 

 

متعلقہ خبریں

مقبول ترین