پاکستانیت کے جذبے کو اپنائیں ، آرمی چیف کی نوجوانوں کو تلقین

نوجوانوں چیلنجز کا ادراک کریں اور اپنی توانائیاں ملک کی بہتری کے لیے صرف کریں

راولپنڈی :آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ "پاکستانیت” کے جذبے کو اپنائیں اور ملک کی ترقی میں مثبت کردار ادا کریں۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی تخلیقی اور جدت پسند سوچ پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے ملک بھر کی مختلف یونیورسٹیوں اور کالجوں کے طلبہ سے خطاب کیا۔ اس موقع پر انہوں نے نوجوانوں کو تعلیمی میدان میں بہترین کارکردگی دکھانے اور ایسی مہارتیں حاصل کرنے کی تلقین کی جو انہیں ملک کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنائیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کو بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے، خاص طور پر سرحد پار دہشت گردی کے خطرات موجود ہیں۔ اس تناظر میں انہوں نے پاکستان کی خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت کے تحفظ میں پاک فوج کے کردار کو اجاگر کیا اور نوجوانوں کو آگاہ کیا کہ وہ ان چیلنجز کا ادراک کریں اور اپنی توانائیاں ملک کی بہتری کے لیے صرف کریں۔

جنرل عاصم منیر نے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ نئی نسل ہی پاکستان کا مستقبل ہے اور انہیں اپنی تخلیقی اور اختراعی سوچ کو مثبت مقاصد کے لیے بروئے کار لانا چاہیے۔
مزید برآں، آرمی چیف نے ملک کو دہشت گردی سے نجات دلانے کے لیے قوم کی قربانیوں کو تسلیم کیا اور مسلح افواج و قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ عوام کی غیر متزلزل حمایت کو سراہا۔

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ "پاکستانیت” کے جذبے کو اپنائیں کیونکہ یہ ان کی فکری نشوونما کے لیے بنیادی حیثیت رکھتا ہے اور ملک کے استحکام اور ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین