آئی ایم ایف مشن کا دورہ مکمل، مالیاتی گورننس اور بدعنوانی کے خاتمے پر تفصیلی جائزہ

یہ دورہ پاکستان میں مالیاتی و انتظامی گورننس کے تجزیے کا حصہ تھا،

اسلام آباد:بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے تجزیاتی مشن نے پاکستان کا دورہ مکمل کر لیا ہے، جس کے دوران گورننس، مالیاتی شفافیت، بدعنوانی کے خلاف اقدامات اور منی لانڈرنگ کی روک تھام سے متعلق تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس مشن کی رپورٹ جولائی میں جاری کی جائے گی۔

دورے کے دوران آئی ایم ایف وفد نے چیف جسٹس آف پاکستان سمیت 19 مختلف وزارتوں اور محکموں کے حکام سے ملاقاتیں کیں، جہاں مالیاتی امور، بینکنگ سیکٹر میں شفافیت، منی لانڈرنگ کے انسدادی اقدامات اور دہشت گردی کی مالی معاونت روکنے کے لیے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

وفد نے کابینہ ڈویژن کے سیکریٹری کی سربراہی میں مختلف وزارتوں کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی، جس میں وزارت خزانہ، اقتصادی امور، تجارت اور نجکاری سمیت متعدد محکموں کے نمائندے شامل تھے۔ اس موقع پر کابینہ ڈویژن نے گورننس اور احتساب کو مزید مؤثر بنانے کے لیے کیے گئے حالیہ اقدامات سے آگاہ کیا۔

آئی ایم ایف مشن نے فنانشل مانیٹرنگ یونٹ (ایف ایم یو) کے حکام سے بھی ملاقات کی، جہاں پاکستانی حکام نے انسدادِ منی لانڈرنگ کے حوالے سے اپنائے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔ وفد کو مشکوک مالیاتی ترسیلات کی نگرانی، رپورٹنگ، اور تحقیقات کے نظام پر تفصیل سے آگاہ کیا گیا، جبکہ دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے حوالے سے کیے گئے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

علاوہ ازیں، مشن نے آڈیٹر جنرل پاکستان کے دفتر کا بھی دورہ کیا، جہاں آڈٹ کے طریقہ کار اور مالی بے ضابطگیوں کے سدباب کے اقدامات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ وفد نے خصوصی طور پر آڈٹ اعتراضات کے حل کے عمل پر بھی سوالات کیے۔

یہ دورہ پاکستان میں مالیاتی و انتظامی گورننس کے تجزیے کا حصہ تھا، جس کے تحت انسدادِ بدعنوانی اور شفافیت کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس تجزیے کے نتائج آئندہ چند ماہ میں ایک رپورٹ کی صورت میں جاری کیے جائیں گے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین