پنجاب میں جدید زراعت کا نیا دور، کسانوں کے لیے جدید سہولتوں کی فراہمی

کنڈائی اور شاپو میں منعقدہ افتتاحی تقریبات میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے شرکت کی

پنجاب میں کسانوں کو تمام زرعی سہولیات ایک ہی جگہ فراہم کرنے کے لیے ایک بڑے منصوبے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت کسانوں کو معیاری بیج، کھاد، کیڑے مار ادویات، زرعی مشینری اور جدید ٹیکنالوجی ایک ہی جگہ میسر ہوگی، جس سے زرعی شعبے میں انقلاب متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق کنڈائی اور شاپو میں منعقدہ افتتاحی تقریبات میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے شرکت کی۔ اس موقع پر نیشنل فوڈ سیکیورٹی کے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر آبی وسائل ڈاکٹر مصدق ملک، سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
گرین ایگری مال اینڈ سروسز کمپنی” کسانوں کو ان کے گھروں کے قریب معیاری زرعی اشیاء رعایتی قیمتوں پر فراہم کرے گی، جبکہ ڈرونز اور جدید زرعی مشینری بھی کم کرائے پر میسر ہوگی۔ اس منصوبے کے تحت کسانوں کو ہر ممکن سہولت ایک ہی چھت تلے فراہم کرنے کا عزم کیا گیا ہے۔
پانچ ہزار ایکڑ پر مشتمل جدید زرعی فارم کا بھی آغاز کیا گیا، جہاں جدید ترین زراعتی طریقے، آبی وسائل کے بہتر استعمال اور زیادہ پیداوار کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔
اس مرکز میں زمین کی جانچ، تحقیق، اور زرعی تعلیم کی تمام سہولتیں دستیاب ہوں گی۔ اس کے علاوہ یہ ادارہ ملک بھر کے زرعی تحقیقاتی اداروں کے ساتھ مستقل رابطے میں رہے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ آج چولستان اور پنجاب میں جدید زراعت کے انقلاب کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔ ان منصوبوں سے کسانوں کی ترقی اور پاکستان کی خوشحالی ممکن ہوگی۔ انہوں نے اس موقع پر شہداء کے بچوں اور زخمی غازیوں کو زمین کے الاٹمنٹ کے خطوط بھی دیے۔

 

 

متعلقہ خبریں

مقبول ترین