سیہون میں حضرت لعل شہباز قلندر کے عرس میں شرکت کے لیے جانے والے زائرین کی بس خیرپور میں قومی شاہراہ پر حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں 16 افراد جاں بحق جبکہ 25 سے زائد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق، حادثہ خیرپور کی تحصیل رانی پور میں پیش آیا، جہاں تیز رفتاری کے باعث زائرین کی کوچ بے قابو ہو کر الٹ گئی۔ جاں بحق افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
ریسکیو اور پولیس حکام کو اطلاع ملتے ہی جائے حادثہ پر پہنچ گئے، اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر گمبٹ اور رانی پور ہسپتال منتقل کیا گیا۔
حادثے کا شکار ہونے والی مسافر کوچ لاہور سے ہارون آباد کے راستے سیہون جا رہی تھی جب یہ المناک واقعہ پیش آیا۔
مقامی افراد بھی بڑی تعداد میں جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور امدادی کاموں میں انتظامیہ کی بھرپور مدد کی۔