ٹائٹینک کی ہیروئن کیٹ ونسلیٹ ایک نئے روپ میں نظر آئیں گی

یہ فلم، جو نیٹ فلکس اور ورکنگ ٹائٹل فلمز کے اشتراک سے برطانیہ میں فلمائی جائے گی

دنیا بھر میں اپنی بے مثال خوبصورتی اور شاندار اداکاری کی بدولت مقبول ہونے والی کیٹ ونسلیٹ، جنہوں نے فلم "ٹائٹینک” سے اپنی شناخت کو نئی بلندیوں تک پہنچایا، اب ایک نئے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرنے جا رہی ہیں۔

کیٹ ونسلیٹ نے اپنے مداحوں کو یہ خوشخبری دی ہے کہ وہ اب ہدایتکاری کے شعبے میں بھی قدم رکھ رہی ہیں اور اپنی پہلی فیچر فلم "گڈبائے جون” کی ہدایتکاری سنبھالیں گی۔

یہ فلم، جو نیٹ فلکس اور ورکنگ ٹائٹل فلمز کے اشتراک سے برطانیہ میں فلمائی جائے گی، کیٹ ونسلیٹ کے بیٹے جو اینڈرس کے تحریر کردہ اسکرپٹ پر مبنی ہے۔ فلم کی کاسٹ میں ٹونی کولٹ، جانی فلن، اینڈریا رائزبرگ، ٹموتھی اسپال، خود کیٹ ونسلیٹ اور ہیلن مرین جیسے نامور اداکار شامل ہوں گے۔

کہانی ایسے خاندان کے گرد گھومتی ہے جو والدین کی علیحدگی کے سبب منتشر ہو چکا تھا، لیکن ایک غیر متوقع واقعے کے نتیجے میں بہن بھائی ایک بار پھر ملنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ حالات کے چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے وہ ایک دوسرے کے ساتھ جڑنے اور مشکلات سے باہر نکلنے کی کوشش کرتے ہیں۔

کیٹ ونسلیٹ اپنی ہدایتکاری کے اس نئے تجربے کے حوالے سے بے حد پرجوش ہیں اور امید رکھتی ہیں کہ یہ فلم ناظرین کو متاثر کرے گی۔ البتہ، فلم اس وقت ابتدائی مراحل میں ہے اور اس کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ، کیٹ ونسلیٹ 16 فروری 2025 کو منعقد ہونے والے بی اے ایف ٹی اے فلم ایوارڈز میں بھی شرکت کریں گی، جہاں انہیں فلم "لی” کے لیے بہترین برطانوی فلم کی کیٹیگری میں نامزد کیا گیا ہے۔ وہ اس فلم کی پروڈیوسر بھی ہیں اور اس میں فوٹو جرنلسٹ لی ملر کا کردار ادا کر چکی ہیں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین