نیویارک:عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں سالانہ 12 لاکھ سے زائد اور روزانہ 3,300 افراد ٹریفک حادثات میں ہلاک ہو رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق عالمی بینک کی حالیہ رپورٹ میں روڈ سیفٹی کے اقدامات اور چیلنجز پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق، 2011 سے 2020 تک کے پہلے عشرے میں بھی حادثات میں کمی کا ہدف رکھا گیا تھا، تاہم اس میں خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں کی جاسکی۔ تاہم، ان تجربات سے مستقبل کی حکمت عملی کے لیے ایک مؤثر بنیاد فراہم ہوئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ روڈ سیفٹی کے دوسرے عشرے میں عالمی ڈیٹا، تحقیق، اور جدید ٹیکنالوجی جیسے انٹیلیجنٹ اسپیڈ اسسٹنس سے مدد لی جا رہی ہے، جبکہ مالی معاونت میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ اس کے باوجود، حادثات میں کمی کے لیے ہونے والی پیش رفت غیر متوازن اور سست ہے اور مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔
عالمی بینک کے مطابق، کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک میں ٹریفک حادثات کی شرح سب سے زیادہ ہے، جہاں عالمی سڑک حادثات میں ہونے والی 92 فیصد اموات واقع ہوتی ہیں۔ بینک نے 2013ء سے 2023ء کے درمیان روڈ سیفٹی کے منصوبوں میں 3.34 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی، جس سے لاکھوں افراد کو محفوظ سڑکوں تک رسائی ملی۔
2018ء سے 2023ء کے دوران عالمی بینک کے مالی تعاون سے 65 ملین افراد کو محفوظ سفری سہولیات فراہم کی گئیں۔ رپورٹ میں روڈ سیفٹی کے لیے نجی سرمایہ کاری، جدید آلات، اور زیادہ متاثرہ ممالک میں بہتر اقدامات کی سفارش کی گئی ہے۔