آرمی چیف عاصم منیر کو مارشل لا پلیٹ میں رکھا ملا لیکن وہ جمہوریت پسند ہیں:فیصل واوڈا

شیر افضل مروت کے ساتھ جو کچھ ہوا، وہی علی امین گنڈا پور کے ساتھ بھی ہوگا

کراچی :سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ آرمی چیف عاصم منیر کے سامنے مارشل لا ایک پلیٹ میں رکھا تھا، مگر انہوں نے جمہوریت کو چلنے دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ مولانا فضل الرحمان سے بغیر کسی ذاتی مفاد کے ملے تھے، اور مولانا نے دوستی نبھائی، جس کا وہ بھی احترام کرتے ہیں۔ فیصل واوڈا کے مطابق مولانا کو الرٹ کرنے کے لیے جو نوٹیفکیشن جاری ہوا، اس کی زبان دھمکی آمیز تھی۔
انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے مارشل لا لگانے کی پوری تیاری کرلی تھی، جبکہ پی ٹی آئی نے جنرل عاصم منیر کو آرمی چیف بننے سے روکنے کی بھرپور کوشش کی، مگر وہ پھر بھی آرمی چیف بن گئے۔ فیصل واوڈا نے تحریک انصاف کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ پارٹی مکمل طور پر کمپرومائز ہوچکی ہے اور اب اسٹیبلشمنٹ کو اس کی کوئی ضرورت نہیں رہی، بلکہ پی ٹی آئی کو خود ان سے مدد درکار ہے۔
پارٹی فنڈز میں کرپشن کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی رہنماؤں کے گھر پارٹی کے پیسوں سے چل رہے ہیں۔ علیمہ خان کی چیٹ خیبر پختونخوا میں کرپشن کو بے نقاب کر رہی ہے۔ فیصل واوڈا نے واضح الفاظ میں کہا کہ وہ کسی بھی صورت پی ٹی آئی میں واپس نہیں جانا چاہتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کا گراف مسلسل نیچے جارہا ہے اور اب عوام سب کچھ سمجھ چکے ہیں۔ پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کوئی بھی مخلص نہیں، بلکہ ان کی جماعت میں غدار بیٹھے ہیں۔ سب کچھ محض دکھاوا اور اقتدار کی جنگ ہے۔
شیر افضل مروت کے ساتھ جو کچھ ہوا، وہی علی امین گنڈا پور کے ساتھ بھی ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ دعا کرتے ہیں کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کامیاب ہو، ان کے لیے کوئی ٹیم فیورٹ نہیں بلکہ سب سے پہلے پاکستان مقدم ہے۔
اپنی بات مکمل کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ وہ عمران خان کا احترام کرتے ہیں کیونکہ وہ واقعی پاکستان کے لیڈر رہے ہیں، لیکن تحریک انصاف کے موجودہ لیڈر عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ جو لوگ عید کے بعد احتجاجی تحریک چلانے کی بات کر رہے ہیں، وہ سب جھوٹ بول رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں گزشتہ 75 سال سے عوام کو بیوقوف بنایا جا رہا ہے، لیکن جس دن عوام جاگ گئے، اس دن سب کچھ ملیا میٹ ہو جائے گا۔

 

 

 

متعلقہ خبریں

مقبول ترین