ساحل سمندر پر پراسرار ‘قیامت کی مچھلی’ نظر آ گئی، کیا کوئی بڑی تباہی قریب ہے؟

اس مچھلی کو جاپانی دیومالائی کہانیوں میں قدرتی آفات کی پیش گوئی کے طور پر دیکھا جاتا ہے

کینری جزائر کے ساحل پر ایک نایاب اور پراسرار مچھلی مردہ حالت میں ملی، جس نے لوگوں میں خوف اور حیرت کی لہر دوڑا دی۔ اس مچھلی کو جاپانی دیومالائی کہانیوں میں قدرتی آفات کی پیش گوئی کے طور پر دیکھا جاتا ہے، اور سوشل میڈیا پر بھی اس کے حوالے سے قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔ کچھ لوگوں کا ماننا ہے کہ یہ کسی بڑی تباہی کا اشارہ ہو سکتا ہے، جبکہ دیگر اسے محض ایک قدرتی واقعہ سمجھ رہے ہیں۔

اسپین کے کینری جزائر میں ایک سیاح کو ساحل پر ایک عجیب و غریب مچھلی مردہ حالت میں ملی۔ یہ مچھلی عام طور پر 3,300 فٹ گہرے پانی میں رہتی ہے اور سطح پر کم ہی آتی ہے، جس کی وجہ سے اس کا ساحل پر نظر آنا ایک نایاب واقعہ ہے۔

سیاح نے اس مچھلی کی ویڈیو بنائی، جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص تیراکی کے لباس میں ملبوس ہے اور وہ اس چمکدار چاندی کی مچھلی کو دوبارہ سمندر میں واپس دھکیلنے کی کوشش کر رہا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ جاپانی دیومالائی کہانیوں میں اس مچھلی کو "سمندری دیوتا کا پیغامبر” سمجھا جاتا ہے، جو زلزلوں، سونامی اور دیگر قدرتی آفات کی آمد کا اشارہ دیتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ لوگوں نے اس کی موجودگی کو کسی بڑی تباہی کی علامت سمجھنا شروع کر دیا۔

سوشل میڈیا صارفین نے اس واقعے پر مختلف ردعمل کا اظہار کیا۔ ایک صارف نے لکھا، "یہ ہمیشہ کسی بڑی آفت سے پہلے ظاہر ہوتی ہے!” جبکہ دوسرے نے کہا، "کچھ برا ہونے والا ہے!” کچھ لوگوں نے مشورہ دیا کہ مچھلی کو دوبارہ سمندر میں واپس ڈال دینا چاہیے تاکہ کسی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ ایسی مچھلی کسی ساحل پر دیکھی گئی ہو۔ نومبر 2024 میں بھی ایسا ہی ایک واقعہ کیلیفورنیا کے ساحل پر پیش آیا تھا، جہاں ایک تقریباً 10 فٹ لمبی مچھلی جنوبی کیلیفورنیا کے Encinitas ساحل پر ملی۔ اسے سمندری ماہر ایلیسن لیفریئر نے دریافت کیا تھا، جو سکرپس انسٹی ٹیوٹ آف اوشینوگرافی، یو سی سان ڈیاگو میں پی ایچ ڈی کر رہی ہیں۔

یہ حیرت انگیز مخلوق 20 فٹ تک لمبی ہو سکتی ہے اور گہرے سمندری پانیوں میں رہتی ہے۔ اس کے ساحل پر نمودار ہونے کو بعض لوگ محض ایک سائنسی واقعہ سمجھتے ہیں، جبکہ کچھ اسے قدرتی آفات کی پیش گوئی سے جوڑ رہے ہیں۔

اب یہ محض اتفاق ہے یا واقعی کسی بڑے حادثے کی علامت؟ یہ تو وقت ہی بتائے گا، مگر سوشل میڈیا پر اس مچھلی کا چرچا ہر طرف جاری ہے!

متعلقہ خبریں

مقبول ترین