چیمپئنز ٹرافی: افتتاحی میچ میں ہی پاکستان کو بدترین شکست کا سامنا

پاکستانی ٹیم ہدف کے تعاقب میں دباؤ کا شکار رہی اور 48 ویں اوور میں 260 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے پہلے ہی میچ میں پاکستان کو سخت امتحان کا سامنا کرنا پڑا، جہاں نیوزی لینڈ نے شاندار بیٹنگ اور عمدہ باؤلنگ کی بدولت 60 رنز سے کامیابی حاصل کرلی۔ 321 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم 48 ویں اوور میں 260 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 320 رنز کا بڑا اسکور کھڑا کیا۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور نسیم شاہ نے 2، 2 جبکہ ابرار احمد نے 1 وکٹ حاصل کی۔

نیوزی لینڈ کا آغاز اچھا نہیں تھا، اور 73 رنز پر تین اہم بلے باز آؤٹ ہو گئے۔ ڈیون کونوے اور ڈیرل مچل صرف 10، 10 جبکہ کپتان کین ولیمسن محض 1 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ تاہم، اس کے بعد ول ینگ اور ٹام لیتھم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور چوتھی وکٹ پر 118 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ ول ینگ نے 107 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور پھر آؤٹ ہو گئے۔ ان کے بعد ٹام لیتھم اور گلین فلپس کے درمیان 125 رنز کی مزید شراکت داری ہوئی، جس نے ٹیم کو مضبوط پوزیشن پر پہنچا دیا۔ گلین فلپس 61 رنز بنا کر آخری اوور میں آؤٹ ہوئے۔

پاکستانی ٹیم ہدف کے تعاقب میں دباؤ کا شکار رہی اور 48 ویں اوور میں 260 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔ خوشدل شاہ نے سب سے زیادہ 69 رنز بنائے، جبکہ بابر اعظم نے 64 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں سلمان آغا 42، فخر زمان 24، حارث رؤف 19، شاہین شاہ آفریدی 14، نسیم شاہ 13، سعود شکیل 6، کپتان محمد رضوان 3 اور طیب طاہر صرف 1 رن بنا سکے۔

نیوزی لینڈ کے گیند بازوں نے زبردست کارکردگی دکھائی۔ وِل او رورکی اور کپتان مچل سینٹنر نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ میٹ ہینری نے 2 اور مائیکل بریسویل اور نیتھن اسمتھ نے 1، 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کی یہ شکست چیمپئنز ٹرافی کے ابتدائی مراحل میں ہی ٹیم کے لیے خطرے کی گھنٹی ثابت ہو سکتی ہے، اور آئندہ میچز میں بہترین کارکردگی دکھانا لازمی ہوگا۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین