نئی دہلی میں 26 سال بعد بی جے پی کی واپسی، خاتون وزیر اعلیٰ نے حلف اٹھا لیا

ریکھا گپتا نے حلف برداری کے بعد فوری طور پر دہلی سیکریٹریٹ کا رخ کیا، جہاں انہوں نے چند مختصر ملاقاتیں کیں

بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے 26 سال بعد نئی دہلی میں حکومت بنانے میں کامیابی حاصل کر لی۔ عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کو شکست دینے کے بعد، بی جے پی کی رکن ریکھا گپتا نے وزیراعلیٰ کا حلف اٹھا لیا، وہ دہلی کی چوتھی خاتون وزیراعلیٰ بن گئی ہیں۔ ان کے ساتھ چھ وزرا نے بھی اپنے عہدوں کا حلف لیا۔ انتخابی کامیابی میں بی جے پی کی یمنا دریا کی صفائی کی مہم نے اہم کردار ادا کیا۔

نئی دہلی :بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے حالیہ الیکشن میں عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کو شکست دے کر 26 سال بعد نئی دہلی میں حکومت بنا لی ہے۔

ریکھا گپتا نے دہلی کی وزیراعلیٰ کے طور پر حلف اٹھا کر ریاست کی نویں اور چوتھی خاتون وزیراعلیٰ بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ بی جے پی اور اس کی اتحادی جماعتیں دہلی میں حکومت بنانے میں کامیاب ہوئیں، جبکہ ریکھا گپتا، جو پہلی بار رکن اسمبلی منتخب ہوئی ہیں، کو وزیراعلیٰ مقرر کر دیا گیا۔

50 سالہ ریکھا گپتا کے ساتھ چھ وزرا نے بھی حلف لیا، جن میں پرویش سنگھ ورما، آشیش سود، منجندر سنگھ سرسا، رویندر انڈرراج، کیپل مشرا اور پنکج کمار سنگھ شامل ہیں۔

ریکھا گپتا نے حلف برداری کے بعد فوری طور پر دہلی سیکریٹریٹ کا رخ کیا، جہاں انہوں نے چند مختصر ملاقاتیں کیں اور اپنی کابینہ کا پہلا اجلاس طلب کر لیا۔ نومنتخب وزیراعلیٰ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج شام سات بجے کابینہ اجلاس ہوگا، اور ان کی حکومت "ویکست دہلی” (ترقی یافتہ دہلی) کے مشن پر دن رات کام کرے گی۔

بی جے پی کو 26 سال بعد دہلی میں حکومت بنانے کا موقع ملا ہے۔ اس سے قبل، عام آدمی پارٹی دہلی میں اقتدار میں تھی، اور بی جے پی نے اپنی انتخابی مہم میں اس کی پالیسیوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ خاص طور پر، یمنا دریا کی آلودگی پر بی جے پی کی مہم نے عوام میں کافی مقبولیت حاصل کی، جسے سیاسی تجزیہ کار بی جے پی کی کامیابی کی ایک بڑی وجہ قرار دے رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین