کراچی: حکومت کی جانب سے شہریوں کو مفت سولر سسٹم فراہم کرنے کے حوالے سے شاندار خبر آگئی
سندھ حکومت نے مفت سولر سسٹم تقسیم کرنے کی مہم کا آغاز کر دیا ہے، جس کا مقصد ان علاقوں کو بجلی فراہم کرنا ہے جہاں تاحال بجلی نہیں پہنچی۔ اس اسکیم کے تحت لاکھوں خاندانوں کو شمسی توانائی سے روشن کیا جائے گا، جس سے لوڈشیڈنگ اور بجلی کے بلوں کا بوجھ کم ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر توانائی سندھ ناصر حسین شاہ نے بجلی فراہمی کی افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ہر شہری کو بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ دو لاکھ سولر سسٹمز کی تقسیم کا عمل شروع ہوچکا ہے، جبکہ رواں سال مزید پانچ لاکھ سولر سسٹم فراہم کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جہاں بجلی نہیں پہنچی، وہاں سولر پینلز فراہم کیے جائیں گے تاکہ لوگ روشنی اور توانائی سے مستفید ہوسکیں۔
ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا وژن ہے کہ ہر شہری کو بجلی فراہم کی جائے۔ اس مقصد کے تحت ایک بڑا سولر پارک بھی تعمیر کیا جا رہا ہے، جس سے عوام کو بلا تعطل بجلی فراہم کی جاسکے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر گاؤں تک بجلی پہنچانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
تقریب میں پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شاہدہ رحمانی، منگھوپیر ٹاؤن کے چیئرمین نواز علی بروہی اور دیگر رہنما بھی شریک تھے، جنہوں نے اس منصوبے کو عوام کے لیے ایک بڑا تحفہ قرار دیا۔