تمام کوششوں کے باوجود بال گر رہے ہیں، آخر وجہ کیا ہے؟

اگر بال زیادہ تیزی سے گر رہے ہیں تو اس کی گہری وجوہات کو سمجھنا ضروری ہے

اگر آپ نے بالوں کو بچانے کے لیے ہر ممکن طریقہ آزما لیا، لیکن پھر بھی بال گر رہے ہیں تو پریشان نہ ہوں! یہ مسئلہ عام ہے اور اس کے پیچھے کئی وجوہات ہو سکتی ہیں۔ بعض اوقات بال گرنے کا عمل قدرتی ہوتا ہے، اور روزانہ 100 تک بال گرنا معمول کی بات ہے۔ تاہم، اگر بال زیادہ تیزی سے گر رہے ہیں تو اس کی گہری وجوہات کو سمجھنا ضروری ہے۔

بالوں کے جھڑنے کی روک تھام کے لیے مناسب علاج سے پہلے ان وجوہات کو جاننا ضروری ہے جو اس مسئلے کا سبب بن سکتی ہیں۔ اگر آپ نے ہر طرح کے شیمپو، تیل، گھریلو ٹوٹکے اور دوائیاں آزما لی ہیں لیکن بالوں کے گرنے کا عمل نہیں رکا تو درج ذیل وجوہات اس کا سبب ہو سکتی ہیں:

 غذائی اجزا کی کمی

اگر آپ کی خوراک میں ضروری غذائی اجزا کی کمی ہے، تو یہ بالوں کے زیادہ جھڑنے کی ایک بڑی وجہ ہو سکتی ہے۔ خاص طور پر اگر جسم میں پروٹین، آئرن، وٹامن B12 اور وٹامن ڈی کی کمی ہو تو بال کمزور ہو جاتے ہیں اور گرنے لگتے ہیں۔ صحت مند بالوں کے لیے غذائیت سے بھرپور خوراک لینا ضروری ہے۔

ذہنی دباؤ

مسلسل دباؤ کا سامنا کرنے والے افراد اکثر بال گرنے کی شکایت کرتے ہیں۔ اگر آپ کسی شدید ذہنی تناؤ یا پریشانی کا شکار رہے ہیں، تو یہ بالوں کی نشوونما کو متاثر کر سکتا ہے۔ دباؤ کے دوران بال بڑھنا بند ہو جاتے ہیں کیونکہ اسٹیم سیلز غیر فعال ہو جاتے ہیں، جس کے نتیجے میں بال تیزی سے جھڑنے لگتے ہیں۔

 ادویات کے مضر اثرات

بعض دوائیاں بھی بالوں کے جھڑنے کا سبب بن سکتی ہیں۔ خون پتلا کرنے والی دوائیں، وٹامن اے سے بھرپور مہاسوں کی دوائیں، انابولک اسٹیرائڈز، دل کے امراض، گٹھیا، ہائی بلڈ پریشر اور ڈپریشن کی دوائیاں لینے والے افراد اکثر بال گرنے کی شکایت کرتے ہیں۔ اگر آپ ایسی کوئی دوا لے رہے ہیں اور بال تیزی سے جھڑ رہے ہیں تو ڈاکٹر سے مشورہ کرنا ضروری ہے۔

 ڈیلیوری کے فوراً بعد بال گرنا

حمل کے دوران ہارمونز بالوں کو زیادہ جھڑنے سے روکتے ہیں، لیکن بچے کی پیدائش کے بعد ہارمونز معمول پر آ جاتے ہیں، جس کی وجہ سے بال زیادہ گرنے لگتے ہیں۔ یہ ایک عارضی عمل ہوتا ہے اور عام طور پر ایک سال کے اندر بال دوبارہ پہلے جیسے ہو جاتے ہیں۔

اگر آپ کا مسئلہ برقرار ہے تو اس کی اصل وجہ جاننے کے لیے کسی ماہر ڈاکٹر یا ڈرماٹولوجسٹ سے رجوع کرنا بہتر ہوگا۔ بالوں کی دیکھ بھال کے ساتھ ساتھ صحت مند خوراک، ذہنی سکون اور مناسب علاج پر توجہ دینے سے بال گرنے کے مسئلے پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین