لاہور کے باسیوں کے لیے ایک اور جدید سفری سہولت کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے شہر میں پہلی مکمل انڈر گراؤنڈ میٹرو ٹرین سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو لاہور کے ٹرانسپورٹ سسٹم میں ایک بڑی تبدیلی ثابت ہو سکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، پنجاب حکومت نے لاہور میں پہلی مکمل انڈر گراؤنڈ بلیو لائن میٹرو ٹرین سروس کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت ویلنسیا ٹاؤن سے بابو صابو چوک تک 27 کلومیٹر طویل جدید ترین میٹرو لائن تعمیر کی جائے گی، جسے آئندہ 3 سال میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
اس بڑے منصوبے پر 600 ارب روپے لاگت آنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جو لاہور کے ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر میں ایک انقلابی اضافہ ہوگا۔ ذرائع کے مطابق، پنجاب ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ نے پہلے ہی اس میگا پروجیکٹ کی فزیبیلٹی اسٹڈی اور ڈیزائن پر کام شروع کر دیا ہے، تاکہ منصوبے کی تکمیل کو تیز تر اور مؤثر بنایا جا سکے۔
یہ فیصلہ لاہور کے شہریوں کو مزید سفری سہولتیں فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے، جس سے نہ صرف ٹریفک کے مسائل میں کمی آئے گی بلکہ شہریوں کے لیے تیز اور آرام دہ سفر بھی ممکن ہوگا۔