پنجاب میں صحت کے شعبے میں ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے حکومت نے ملک کی تاریخ کے سب سے بڑے اور جامع ٹرانسپلانٹ پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔ اس "چیف منسٹر ٹرانسپلانٹ پروگرام” کے تحت عام شہریوں کو پانچ اہم ٹرانسپلانٹ آپریشن بالکل مفت فراہم کیے جائیں گے، جس سے ہزاروں مریضوں کو زندگی کی نئی امید ملے گی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے چیف منسٹر ٹرانسپلانٹ پروگرام متعارف کرایا ہے، جس کے تحت جگر، گردوں، بون میرو، کورنیا کی پیوندکاری اور پیدائشی طور پر سماعت سے محروم بچوں کے لیے کوکلیئر امپلانٹ بالکل مفت فراہم کیے جائیں گے۔ اس سہولت سے عام آدمی کو وہ مہنگے آپریشنز میسر ہوں گے جو عام طور پر صرف امیر افراد ہی کروا سکتے ہیں۔
یہ سہولت حاصل کرنے کے لیے مریضوں کو پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی میں رجسٹرڈ ہونا ضروری ہوگا۔ رجسٹریشن کے بعد، مریض "چیف منسٹر ٹرانسپلانٹ پروگرام” کے تحت مفت علاج حاصل کر سکیں گے۔
حکومت نے نہ صرف سرکاری بلکہ نجی اسپتالوں میں بھی یہ سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ مریضوں کو بہترین ممکنہ علاج مہیا کیا جا سکے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر آرگن ٹرانسپلانٹیشن کے لیے ایک ٹول فری نمبر 0800 09009 بھی فعال کر دیا گیا ہے، جہاں شہری معلومات حاصل کر سکتے ہیں اور اپنی رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اس موقع پر کہا کہ حکومت ہر شہری کا خیال رکھتی ہے اور اپنا فرض نبھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آرگن ٹرانسپلانٹیشن ایک پیچیدہ اور مہنگا عمل ہے، جسے عام آدمی کے لیے افورڈ کرنا مشکل ہوتا ہے، لیکن اب یہ اخراجات ریاست برداشت کرے گی، تاکہ ہر شہری کو زندگی گزارنے کا مساوی حق حاصل ہو۔