اسلام آباد: پاکستان میں توانائی کے نئے ذخائر کی دریافت کا اہم سنگ میل عبور کر لیا گیا ہے۔ خیبر پختونخوا کے وزیرستان بلاک میں گیس اور تیل کے ذخائر دریافت ہوئے ہیں، جو ملک میں قدرتی وسائل کی ترقی کے لیے خوش آئند خبر ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرستان بلاک خیبر پختونخوا میں گیس اور تیل کے نئے ذخائر دریافت کر لیے گئے ہیں۔ سپنوام ون کنویں سے یومیہ 12.96 ملین کیوبک فٹ گیس اور 20 بیرل خام تیل نکالا گیا ہے۔
یہ دریافت ماڑی انرجیز کی جانب سے کی گئی ہے، جو وزیرستان بلاک میں بطور آپریٹر کمپنی کام کر رہی ہے۔ کمپنی کے مطابق وہ اس بلاک میں 55 فیصد شیئرز رکھتی ہے جبکہ اس منصوبے میں او جی ڈی سی ایل اور او پی آئی بھی شامل ہیں۔
ماڑی انرجیز کے مطابق، سپنوام ون کنویں پر کھدائی کا آغاز 28 مئی 2024 کو کیا گیا تھا، اور اب اس کامیابی سے ملک میں ہائیڈرو کاربن وسائل میں اضافہ ہوگا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ مزید ذخائر تلاش کرنے اور توانائی کے وسائل میں اضافہ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
ماڑی انرجیز نے اس کامیابی میں تعاون پر قومی سلامتی اداروں، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔ اس دریافت کو ملک میں توانائی کی پیداوار بڑھانے اور خود کفالت کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔