لاہور :منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر منہاج یونیورسٹی لاہور کے بورڈ آف گورنرز کے ڈپٹی چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے گزشتہ روز گوجرانوالہ بزنس سینٹر کا دورہ کیاجہاں احمد اکرام لون چیئرمین جی بی سی اور سینئر عہدیداروں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ انہوںنے بزنس سنٹر کے مختلف شعبہ جات کا دورہ بھی کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ محب وطن کاروباری طبقہ پاکستان کو معاشی اعتبار سے پائوں پر کھڑا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ حکومت اور کاروباری برادری کے مابین اعتماد ،اخلاص اور پاکستانیت کی بنیاد پر باہمی تعاون ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دے کر بیروزگاری کے جن کو بوتل میں بند کیا جا سکتا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں کو بزنس کمیونٹی کے ساتھ مل کر اقتصادی استحکام کے اہداف پر کام کرنا چاہیے۔ اس موقع پر منہاج یونیورسٹی لاہور اور جی بی سی کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کو دوران تعلیم کاروبار کی عملی تربیت اور معلومات حاصل ہونی چاہئیں۔ چیئرمین گوجرانوالہ بزنس سنٹر احمد اکرام لون نے گوجرانوالہ میں تیار ہونیوالی عالمی شہرت کی حامل پروڈکٹس پر بریفنگ دی۔اس موقع پرمعروف کاروباری شخصیات خواجہ فائق کلیم، سید واجد علی نقوی، عثمان نواز باجوہ، ڈاکٹر منیر ہاشمی، عمران علی ایڈووکیٹ، مہر شفاقت علی قادری، ملک محمد ارشد، محمد اسد گوندل، ملک بابر حسین، حافظ اشفاق، ذیشان الیاس میر، پرویز ہمایوں، نائب ناظم اعلیٰ رانا محمد ادریس، سہیل احمد رضا، الطاف حسین رندھاوا، قاری ریاست چدھڑ، قاضی فیض الاسلام، ناصر اقبال ایڈووکیٹ، منہاج الدین قادری و دیگر ہمراہ تھے۔