منہاج یونیورسٹی لاہور میں تیسری ایک روزہ ’’انٹرنیشنل میری ٹائم کانفرنس‘‘ کا انعقاد

لاہور: منہاج یونیورسٹی لاہور میں گزشتہ روز تیسری’’ انٹرنیشنل میری ٹائم کانفرنس‘‘ میں خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز منہاج یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نےکہا کہ سمندری وسائل کے مؤثر استعمال سے پاکستان کی معیشت کو مستحکم کیا جا سکتا ہے۔ بلیو اکانومی کا فروغ وقت کی ضرورت ہے اور اس حوالے سے تعلیمی اداروں کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ سمندری شعبے میں تحقیق اور اور بلیو اکانومی کے فروغ کے لیے منہاج یونیورسٹی لاہور میں سنٹر آف ریسرچ اینڈ انوویشن ان میری ٹائم افیئرز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔تقریب میں وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے خطبہ استقبالیہ میں مہمان سپیکرز کو خوش آمدید کہا۔

انہوں نے کہا کہ سمندری وسائل کے مؤثر استعمال سے پاکستان کی معیشت کو ترقی دی جا سکتی ہے،معاشی استحکام کیلئےپاکستانی معیشت کوزمینی وسائل سے سمندری وسائل کی طرف منتقل کیا جانا چاہیے ۔ صدر (NIMA) وائس ایڈمرل (ر) احمد سعید نے تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں میری ٹائم انڈسٹری کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں اور سمندری تجارت کے فروغ کے لیے حکومتی اور نجی شعبے کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ میری ٹائم تعلیم کو نصاب کا حصہ بنایا جائے تاکہ نوجوان نسل اس شعبے میں آگے بڑھ سکے۔ ڈی جی پورٹس اینڈ شپنگ عالیہ شاہد نے اپنے خطاب میں کہا کہ سمندری تجارت اور بلیو اکانومی کے فروغ کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو یکجا ہو کر اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو میری ٹائم پالیسیوں میں مزید بہتری لا کر عالمی سطح پر پاکستان کی موجودگی کو مضبوط کرنا ہوگا۔

کانفرنس میں امریکہ ،برطانیہ ، فلپائن ،چائنہ ، سویڈن، ایران ،آسٹریا ، ترکی ،افریقہ ، سے وابستہ نامور محققین اور ریسرچ سکالرز نے شرکت کی۔کانفرنس کے آغاز میں ڈائریکٹر (CRIMA ) ڈاکٹر محمد اشفاق نے سنٹر کا تعارف پیش کیا جبکہ کانفرنس میں دو پینل ڈسکشنز اور دو ٹیکنیکل سیشنز بھی منعقد کیے گئے جس میں مقررین نے سمندری شعبے میں ترقی اور مختلف امور پر تفصیل کے ساتھ روشنی ڈالی اورسمندری شعبے سے وابستہ نامور ریسرچ سکالرز نے اپنے مقالے پیش کیے۔

کانفرنس کے اختتام پر رجسٹرار منہاج یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر خرم شہزاد نے کانفرنس کا اعلامیہ پیش کیا ۔ تقریب میںا مریکہ سے ڈاکٹر جیمز کراسکا ، قونصلیٹ آف ایران سے ڈاکٹر سعید محمد حسینی ،رئیر ایڈمرل(ر ) نوید احمد رضوی ، ،ڈائریکٹر لیگل منسٹری آف میری ٹائم افیئرز اسلام آباد شہزاد عطا،نیول وار کالج ترکیہ سے ڈاکٹر مصطفیٰ تنسر اورماہر سمندری امور ریما شوکت،ڈپٹی ڈائریکٹر (CRIMA) ڈاکٹر عظمیٰ نازنے بھی شرکت وخطاب کیا ۔ کانفرنس کے اختتام پر ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز منہاج یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے معزز مہمان سپیکرز میں شیلڈز تقسیم کیں اور ان کی شرکت پر شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین