بابراعظم، شاہین اور دیگر کھلاڑیوں کا مستقبل خطرے میں پڑ گیا

شکست کے بعد قومی کرکٹ ٹیم میں بڑی تبدیلیوں کی خبریں گردش کر رہی ہیں

چیمپئنز ٹرافی کے پہلے راؤنڈ میں شکست کے بعد قومی کرکٹ ٹیم میں بڑی تبدیلیوں کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، ٹیم کی ناقص کارکردگی کے پیچھے چیف سلیکٹر عاقب جاوید اور کپتان محمد رضوان کے درمیان اختلافات کو اہم وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ اس صورت حال میں بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف سمیت کئی سینئر کھلاڑیوں کی ٹیم میں جگہ خطرے میں پڑ سکتی ہے، جبکہ کوچنگ سیٹ اپ میں بھی تبدیلی کا امکان ہے۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے پہلے مرحلے میں قومی ٹیم کی ناکامی کے بعد اسکواڈ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کی بازگشت سنائی دینے لگی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، ٹیم کی شکست کی ایک بڑی وجہ چیف سلیکٹر عاقب جاوید اور کپتان محمد رضوان کے درمیان اختلافات کو قرار دیا جا رہا ہے۔ ناقص کارکردگی کے باعث کئی کھلاڑیوں کے مستقبل پر بھی سوالیہ نشان لگ چکا ہے۔

ذرائع کے مطابق، محمد رضوان ٹیم سلیکشن کے معاملے پر ناخوش نظر آئے، کیونکہ انہیں کئی اہم فیصلوں میں شامل نہیں کیا گیا۔ انہوں نے خوشدل شاہ کو اسکواڈ میں شامل کروایا، جبکہ عاقب جاوید نے اپنی مرضی سے فہیم اشرف کو منتخب کرلیا، جس کی وجہ سے سلیکٹرز اور کپتان ایک پیج پر نہیں تھے۔

رپورٹس میں کہا جا رہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) چیمپئنز ٹرافی کے بعد ٹیم کی کارکردگی کا مکمل جائزہ لے گا، جس کے نتیجے میں بابر اعظم، شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف سمیت کئی سینئر کھلاڑیوں کی ٹیم میں شمولیت خطرے میں پڑ سکتی ہے۔

دوسری جانب، ہیڈ کوچ عاقب جاوید بظاہر خود عہدہ چھوڑنے کے حق میں نہیں ہیں، لیکن اگر پی سی بی کوچنگ سیٹ اپ میں کوئی بڑی تبدیلی کرتا ہے تو انہیں ہٹا کر کسی اور امیدوار کو موقع دیا جا سکتا ہے۔

مزید برآں، قومی ٹیم کے دو سابق کپتان بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی کے علاوہ نسیم شاہ اور حارث رؤف کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔ ناقص پرفارمنس کے باعث ان پر دباؤ بڑھ گیا ہے، اور مسلسل تنقید کے پیش نظر نئے کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں شامل کرنے کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین