رمضان المبارک کے آغاز کے لیے آج شام دنیا بھر کے مسلمان چاند دیکھنے کے لیے آسمان کی طرف نظریں جمائیں گے، لیکن اس کے ساتھ ہی ایک اور حیرت انگیز نظارہ بھی ممکن ہوگا۔ آج شام نظام شمسی کے 7 سیارے ایک ساتھ آسمان پر نظر آئیں گے۔ ایسا نایاب فلکیاتی منظر دوبارہ 2040 میں ہی دیکھنے کو ملے گا۔
آج شام 28 فروری کو، چاند کے ساتھ ساتھ عطارد، زہرہ، مریخ، مشتری، زحل، یورینس اور نیپچون ایک قطار میں نظر آئیں گے، جسے فلکیاتی زبان میں "پلانیٹ پریڈ” کہا جاتا ہے۔
یہ تمام سیارے آسمان پر دیکھنا ممکن ہوں گے، لیکن کچھ سیارے آسانی سے نظر نہیں آئیں گے۔
– عطارد، نیپچون اور زحل افق کے بہت قریب ہوں گے، جس کی وجہ سے انہیں دیکھنا مشکل ہو سکتا ہے، خاص طور پر نیپچون اور زحل کو شام کی روشنی میں دیکھنا آسان نہیں ہوگا۔
– یورینس کی روشنی بہت مدھم ہوگی، جس کے باعث اسے دیکھنے کے لیے دوربین یا ٹیلی اسکوپ کی ضرورت ہوگی۔
– زہرہ، مریخ اور مشتری کو بغیر کسی خاص آلے کے، آسانی سے دیکھا جا سکے گا۔
عام طور پر 3، 4 یا 5 سیاروں کی قطار آسمان پر نظر آتی ہے، لیکن ایک ساتھ 7 سیاروں کی موجودگی بہت کم ہوتی ہے۔
گزشتہ سال جون 2024 میں بھی ایسا ہی ایک نظارہ دیکھا گیا تھا، مگر اس وقت صرف 2 سیارے ننگی آنکھ سے دیکھے جا سکتے تھے۔ جبکہ 6 سیاروں کی پریڈ جنوری 2025 میں ہوئی تھی، جہاں 4 سیارے واضح طور پر نظر آئے تھے۔
پاکستان کے بیشتر شہروں میں آج یہ شاندار نظارہ ممکن ہوگا، لیکن اس کا انحصار موسم کی صورتحال پر ہوگا۔ اگر موسم صاف رہا تو رمضان کے چاند کے ساتھ آسمان پر یہ نایاب فلکیاتی منظر بھی دیکھنے کو ملے گا۔