پاکستانی عوام کو اب بھی معاشی مشکلات کا سامنا ہے، مگر امید کی ایک نئی لہر بھی دیکھی جا رہی ہے۔ ایک تازہ سروے کے مطابق، اگرچہ زیادہ تر افراد ملک کی موجودہ سمت پر پریشان ہیں، لیکن مستقبل کے بارے میں رجائیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
حکومت کے ایک سال مکمل ہونے پر جاری کردہ ‘اِپسوس’ کے صارفین کے اعتماد کے سروے کے مطابق، پاکستانی عوام کی اکثریت اب بھی معاشی خدشات میں مبتلا ہے، تاہم امید کی سطح پچھلے سالوں کے مقابلے میں بلند ترین درجے پر پہنچ چکی ہے۔
ہر 10 میں سے 7 پاکستانیوں کا ماننا ہے کہ ملک غلط سمت میں جا رہا ہے۔ عالمی سطح پر بھی لوگوں کے خیالات کچھ ایسے ہی ہیں، جہاں اوسطاً 63 فیصد افراد اپنے ممالک کے حالات کے بارے میں مایوسی کا شکار ہیں۔
تاہم، 2024 کی آخری سہ ماہی میں صرف 19 فیصد پاکستانیوں کو ملک کی سمت پر امید تھی، جبکہ 2025 کی پہلی سہ ماہی میں یہ تعداد بڑھ کر 31 فیصد ہو گئی، جو کہ گزشتہ چھ سالوں کی بلند ترین سطح ہے۔
ملک میں اقتصادی پریشانیاں اب بھی سب سے زیادہ اہم مسئلہ ہیں، لیکن 2025 میں ان میں کچھ کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ گزشتہ سال کے دوران مہنگائی کی شرح میں 18 فیصد کمی ہوئی، جو پچھلے چار سالوں کی سب سے کم سطح پر ہے۔
رپورٹ کے مطابق، ہر 3 میں سے 2 پاکستانی ملک کی موجودہ معاشی صورتحال کو کمزور سمجھتے ہیں۔ تاہم، مثبت پہلو یہ ہے کہ جو لوگ معیشت کو مضبوط سمجھتے ہیں، ان کی تعداد 2024 کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں پانچ گنا بڑھ چکی ہے۔
یومیہ گھریلو خریداری کے حوالے سے بھی عدم اطمینان برقرار ہے، کیونکہ 88 فیصد افراد اسے ایک مشکل کام سمجھتے ہیں۔ مگر حوصلہ افزا بات یہ ہے کہ پچھلے ایک سال میں گھریلو خریداری کے حوالے سے اطمینان میں تین گنا اضافہ ہوا ہے۔
سروے کے مطابق، اگرچہ 69 فیصد افراد اب بھی معاشی پریشانیوں کا شکار ہیں، لیکن مقامی معیشت کے بارے میں امید میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ اگست 2024 میں صرف 12 فیصد لوگ معیشت کے بہتر ہونے کی توقع کر رہے تھے، جبکہ فروری 2025 میں یہ تعداد بڑھ کر 31 فیصد ہو گئی، جو اب تک کی بلند ترین سطح ہے۔
ہر پانچ میں سے تین پاکستانیوں کو خدشہ ہے کہ اگلے چھ ماہ میں ان کے ذاتی مالی حالات مزید خراب ہو جائیں گے، جبکہ پانچ میں سے ایک فرد بہتری کی امید رکھتا ہے۔ یہ امید اگست 2024 سے مسلسل بڑھ رہی ہے۔
تقریباً 88 فیصد پاکستانی مستقبل میں سرمایہ کاری کے بارے میں زیادہ پُراعتماد نہیں ہیں، لیکن گزشتہ سال کے مقابلے میں اس حوالے سے اعتماد میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
اگرچہ بڑی خریداریوں پر عوام کا اعتماد کچھ بہتر ہوا ہے، مگر یہ اب بھی صرف 6 فیصد پر برقرار ہے۔
پاکستان میں ملازمتوں کے حوالے سے بھی غیر یقینی صورتحال موجود ہے۔ سروے کے مطابق، 10 میں سے 8 پاکستانی اپنی نوکریوں کے حوالے سے غیر محفوظ محسوس کرتے ہیں، جبکہ 19 فیصد افراد کا ماننا ہے کہ ان کی ملازمت محفوظ ہے۔ مردوں اور درمیانی آمدنی والے افراد میں یہ اعتماد نسبتاً زیادہ ہے، اور ملازمتوں کے حوالے سے یہ اعتماد کی بلند ترین سطح سمجھی جا رہی ہے۔