بھارت کو یقین ہے کہ وہ پاکستان سے بہتر ٹیم ہے؟ سابق کرکٹر کا بڑا چیلنج

بھارت کے سیاسی اختلافات کو ایک طرف رکھیں تو یہ حقیقت ہے کہ بھارتی ٹیم کے پاس بہترین کرکٹرز موجود ہیں

سابق کرکٹر ثقلین مشتاق نے بھارت کو چیلنج کیا ہے کہ اگر وہ خود کو پاکستان سے بہتر ٹیم سمجھتے ہیں تو 10 ٹیسٹ، 10 ون ڈے، اور 10 ٹی20 میچز کھیل کر ثابت کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر سیاسی معاملات کو الگ رکھا جائے تو بھارتی ٹیم واقعی اچھی کرکٹ کھیل رہی ہے، لیکن پاکستان بھی مکمل تیاری کے ساتھ کسی بھی ٹیم کو ہرا سکتا ہے۔قومی ٹیم کے سابق جادوئی اسپنر ثقلین مشتاق نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے ہاتھوں بدترین شکست کے بعد انڈین ٹیم کو بڑا چیلنج دے دیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ثقلین مشتاق نے کہا کہ اگر بھارتی ٹیم کو واقعی یقین ہے کہ وہ پاکستان سے بہتر ہے، تو وہ 10 ٹیسٹ، 10 ون ڈے، اور 10 ٹی20 میچز کھیل کر اسے ثابت کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان اور بھارت کے سیاسی اختلافات کو ایک طرف رکھیں تو یہ حقیقت ہے کہ بھارتی ٹیم کے پاس بہترین کرکٹرز موجود ہیں اور وہ شاندار کھیل پیش کر رہے ہیں۔

سابق اسپنر نے تسلیم کیا کہ اس وقت پاکستانی ٹیم میں کچھ مسائل ضرور ہیں، لیکن یہ ایسی خامیاں نہیں جنہیں درست نہ کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان اپنی تیاریوں پر بھرپور توجہ دے تو وہ آج بھی بھارت سمیت دنیا کی کسی بھی ٹیم کو شکست دے سکتا ہے۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم، بورڈ اور انتظامیہ میں کئی سابق کرکٹرز کی شمولیت کے باوجود ٹیم کی کارکردگی میں کوئی نمایاں بہتری دیکھنے کو نہیں ملی۔

واضح رہے کہ پاکستان نے 29 سال بعد ہوم گراؤنڈ پر کسی آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کی، لیکن قومی ٹیم ابتدائی دو میچز میں بدترین شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی تھی، جبکہ بنگلہ دیش کے خلاف آخری لیگ میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین