بنوں:پولیس نے بنوں میں ایک شہری کے خلاف سوشل میڈیا پر علما کے خلاف نامناسب زبان استعمال کرنے پر مقدمہ درج کرلیا ہے۔ یہ کارروائی پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) کی دفعات کے تحت کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ماماش خیل کے رہائشی ابرار نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو اپ لوڈ کی، جس میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کا اعلان نہ کرنے پر اس نے مبینہ طور پر علما کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے۔
یہ معاملہ مولانا عبدالغفار قریشی کی جانب سے صدر پولیس کو رپورٹ کیا گیا، جس کے بعد قانونی کارروائی کا آغاز کیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق مولانا عبدالغفار قریشی نے پولیس کو بتایا کہ ملزم ابرار نے علما کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ "چاند دو دن کا ہے، بنوں اور پاکستان کے علما نے ہمیں پہلے روزے سے محروم کردیا ہے۔”
پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔