لاہور:رمضان المبارک میں دنیا کے مختلف ممالک میں روزے کا دورانیہ سورج کے طلوع و غروب کے وقت پر منحصر ہوتا ہے۔ کچھ ممالک میں روزہ 20 گھنٹے سے بھی زیادہ طویل ہوتا ہے، جبکہ بعض ممالک میں روزہ 11 گھنٹے سے بھی کم ہوتا ہے۔ اس سال سب سے لمبا روزہ سویڈن اور ناروے میں رکھا جا رہا ہے، جبکہ سب سے مختصر روزہ جنوبی امریکی ملک چلی میں ہے۔
تفصیلات کے مطابق اس سال رمضان المبارک کے دوران دنیا میں سب سے طویل روزہ سویڈن اور ناروے میں رکھا جا رہا ہے، جہاں روزے کا دورانیہ 20 گھنٹے 30 منٹ ہے۔ اسی طرح گرین لینڈ اور آئس لینڈ میں بھی روزہ تقریباً 20 گھنٹے طویل ہوتا ہے۔ دوسری جانب، سب سے کم دورانیے کا روزہ چلی میں رکھا جا رہا ہے، جہاں روزہ صرف 11 گھنٹے کا ہوگا۔
عرب ممالک میں سب سے طویل روزہ الجزائر میں ہوگا، جہاں روزے کا دورانیہ 16 گھنٹے 44 منٹ ہے۔ سعودی عرب، مدینہ منورہ، نیویارک (امریکا) اور ترکیہ میں روزے کا دورانیہ 13 گھنٹے ہوگا۔ پاکستان میں روزہ 12 گھنٹے 58 منٹ کا ہوگا، جو کہ دنیا کے درمیانی دورانیے والے روزوں میں شامل ہے۔
برازیل، جنوبی افریقا، ارجنٹائن، نیوزی لینڈ، متحدہ عرب امارات، بھارت اور انڈونیشیا میں روزہ 12 گھنٹے 30 منٹ طویل ہوگا۔ اسی طرح، جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ اور کیپ ٹاؤن، پیراگوئے کے سیوڈاڈ ڈیل ایسٹے اور یوراگوئے کے دارالحکومت مونٹیویڈیو میں روزے کا دورانیہ 11 سے 12 گھنٹے کے درمیان ہوگا، جو دنیا کے مختصر ترین روزوں میں شامل ہیں۔
دنیا کے مختلف ممالک میں سورج کے طلوع و غروب کے اوقات میں فرق ہونے کی وجہ سے روزے کے دورانیے میں بھی نمایاں فرق پایا جاتا ہے۔ اسی لیے مختلف خطوں میں روزہ داروں کو مختلف وقت تک روزہ رکھنا پڑتا ہے۔