پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورۂ نیوزی لینڈ کے لیے آج اسکواڈ کا اعلان متوقع ہے، جس میں بڑی تبدیلیاں دیکھنے کو مل سکتی ہیں۔ چیمپئنز ٹرافی میں خراب کارکردگی کے بعد کئی سینئر کھلاڑیوں کو آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ نوجوان کھلاڑیوں کو زیادہ مواقع دیے جانے کا امکان ہے۔ ساتھ ہی ہیڈ کوچ کے عہدے میں بھی تبدیلی کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور ٹیم مینجمنٹ نے دورۂ نیوزی لینڈ کے لیے کھلاڑیوں کے انتخاب پر مشاورت مکمل کرلی ہے۔ ذرائع کے مطابق، قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید کی جگہ لیجنڈری کرکٹر محمد یوسف کا نام زیر غور ہے۔
ون ڈے فارمیٹ میں محمد رضوان بطور کپتان برقرار رہیں گے، تاہم کچھ سینئر کھلاڑیوں کو اسکواڈ سے باہر کرنے کا امکان ہے۔ ٹی ٹوئنٹی میں قیادت کے لیے سلمان علی آغا اور شاداب خان کے نام گردش کر رہے ہیں۔
اس دورے کے حوالے سے پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو لاہور طلب کرکے ملاقات بھی کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق، بابر اعظم، حارث رؤف، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی کو آرام دیا جا سکتا ہے۔ کچھ کھلاڑی اپنی ناقص کارکردگی کی وجہ سے ٹیم سے باہر کیے جانے سے پہلے ہی سیریز سے دستبردار ہو سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم 12 مارچ کو نیوزی لینڈ روانہ ہوگی، جہاں پہلے مرحلے میں 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 16 مارچ سے شروع ہوگی، اس کے بعد 3 ون ڈے میچز بھی کھیلے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق، ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کی تیاری کے پیشِ نظر نوجوان کھلاڑیوں پر انحصار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔