آسٹریلیا کے سابق جارحانہ اوپنر ڈیوڈ وارنر نے کرکٹ کے بعد ایک نیا میدان چن لیا ہے۔ پہلے وہ بالی ووڈ میں اپنی دلچسپی کے باعث خبروں میں رہے، اور اب انہوں نے سیاست میں قدم رکھنے کا اعلان کر کے سب کو حیران کر دیا ہے۔ وارنر کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ملک کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کرنا چاہتے ہیں، اور اس سلسلے میں انہوں نے اپنا سیاسی ایجنڈا بھی بیان کر دیا ہے۔
آسٹریلیا کے اسٹار کرکٹر ڈیوڈ وارنر نے انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہنے کے بعد اب سیاست میں آنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، وارنر نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ملک کو بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے، جس کے بعد ان کے مداح حیرت زدہ ہیں۔
کرکٹ کے میدان میں اپنی شاندار کارکردگی سے کئی کامیابیاں سمیٹنے والے وارنر نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ وہ آسٹریلیا کے لیے کچھ اچھا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے اپنی ممکنہ پالیسیوں کے بارے میں بھی بات کی اور کہا کہ وہ آمدنی پر ٹیکس کم کرنے اور گڈز اینڈ سروسز ٹیکس (جی ایس ٹی) میں اضافہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
وارنر کے اس اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی ہے۔ کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ وہ آسٹریلیا میں سیاست میں قدم رکھ رہے ہیں، جبکہ کچھ کا خیال ہے کہ وہ بھارت میں بھی سیاست میں آنے کے خواہشمند ہو سکتے ہیں، کیونکہ وہاں بھی انہیں بے پناہ مقبولیت حاصل ہے۔
ڈیوڈ وارنر نے آسٹریلیا کے لیے تینوں فارمیٹ میں 19 ہزار سے زائد رنز بنائے، اور گزشتہ سال انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ اب یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ وہ سیاست میں بھی ویسی ہی شاندار اننگز کھیلتے ہیں یا نہیں!