امریکا میں پہلی اڑنے والی الیکٹرک کار منظر عام پر آ گئی

یہ ایک چارج پر 110 میل تک اُڑنے اور 200 میل تک زمین پر چلنے کی صلاحیت رکھتی ہے

امریکہ میں جدید ٹیکنالوجی کا نیا کارنامہ سامنے آیا ہے! الیکٹرک کار جو اب صرف زمین پر نہیں بلکہ ہوا میں بھی اُڑ سکتی ہے۔ ’’ماڈل اے‘‘ نامی اس منفرد کار نے سب کو حیران کردیا ہے، لیکن اسے اُڑانے کے لیے کچھ خاص مہارت بھی درکار ہے۔

لاہور:امریکی ایوی ایشن کمپنی الیف ایروناٹکس نے ایک انوکھی اور جدید الیکٹرک کار ’’ماڈل اے‘‘ متعارف کرا دی ہے جو نہ صرف سڑک پر دوڑ سکتی ہے بلکہ کھڑے کھڑے فضا میں پرواز بھی کر سکتی ہے۔

اس الیکٹرک کار کی خاص بات یہ ہے کہ یہ ایک چارج پر 110 میل تک اُڑنے اور 200 میل تک زمین پر چلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ یعنی یہ گاڑی ہوائی جہاز اور کار کا امتزاج ہے، جو شہری ٹریفک کے ہجوم سے بچنے کے لیے بہترین حل کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔

اس حیران کن ٹیکنالوجی کا فائدہ اٹھانے کے لیے ایک عام ڈرائیونگ لائسنس کافی نہیں ہوگا۔ امریکا میں صرف وہ افراد اس گاڑی کو اُڑا سکیں گے جن کے پاس 40 گھنٹے تک ہلکے ہوائی جہاز اُڑانے کا تجربہ ہوگا۔

اگرچہ اس کار کی قیمت 3 لاکھ ڈالر سے زیادہ ہے، مگر حیرت انگیز طور پر کمپنی کو اس کی پہلے ہی سے 3200 بُکنگز موصول ہو چکی ہیں، جو عوام کی دلچسپی اور اعتماد کو ظاہر کرتی ہیں۔

کمپنی کے مطابق ’’ماڈل اے‘‘ کو بہت جلد باقاعدہ مارکیٹ میں فروخت کے لیے پیش کر دیا جائے گا، اور یہ مستقبل کے سفر کا ایک نیا باب کھولنے جا رہی ہے۔

یہ جدید ایجاد خاص طور پر اُن لوگوں کے لیے فائدہ مند ہوگی جو روزمرہ کی ٹریفک میں وقت ضائع نہیں کرنا چاہتے اور جلدی منزل پر پہنچنا چاہتے ہیں، کیونکہ یہ زمین اور ہوا دونوں میں آسانی سے سفر کر سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین