بالی ووڈ اسٹار سنی دیول نے بالآخر غدر 3 سے متعلق خاموشی توڑ دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فلم پر بات چیت ہو رہی ہے مگر اب تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی اشارہ دیا کہ اگر فلم بنی تو امیشا پٹیل کے بغیر مکمل نہیں ہو سکتی۔
بالی ووڈ کے معروف ایکشن ہیرو سنی دیول نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ فلم میکرز کئی بار "غدر 3” بنانے کے بارے میں گفتگو کر چکے ہیں، لیکن اب تک اس منصوبے کو عملی شکل دینے کے حوالے سے کوئی حتمی پیش رفت نہیں ہو سکی۔
اپنی نئی فلم "جات” کی پروموشن کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا "غدر 3” بن رہی ہے؟ تو سنی دیول نے جواب دیا کہ یہ فلم زی اسٹوڈیوز کا پراجیکٹ ہے، اور وہ جب چاہیں اسے شروع کر سکتے ہیں، میکرز کی طرف سے اس بارے میں بات چیت ضرور ہوتی رہی ہے لیکن ابھی اس پر کام آگے نہیں بڑھا۔
اس دوران جب ان سے یہ سوال کیا گیا کہ کیا "غدر 3” میں بھی وہی پرانی کاسٹ یعنی سنی دیول اور امیشا پٹیل ہی ہوں گے؟ تو اداکار نے اس بات پر زور دیا کہ پرانی کاسٹ کا ہونا نہایت ضروری ہے کیونکہ "غدر 2” نے یہ بات ثابت کی ہے کہ لوگ انہی کرداروں اور اسی ماحول سے جڑے ہوئے ہیں، اس لیے وہی کاسٹ دوبارہ دکھائی دے گی تو ناظرین کا تعلق برقرار رہے گا۔
سنی دیول نے "الیٹ کلاس” کے رویے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جب کوئی فلم کامیاب ہو جاتی ہے اور سنیما گھروں میں ہاؤس فل چل رہی ہوتی ہے، تب یہ طبقہ آ کر فلم دیکھتا ضرور ہے، لیکن وہ کھلے دل سے اس کی تعریف کرنے کو تیار نہیں ہوتا۔
ایک اور سوال کے جواب میں "جات” اداکار کا کہنا تھا کہ لوگ ہر طرح کی فلمیں دیکھنا پسند کرتے ہیں، لیکن ایکشن اور تھرلر فلموں سے وہ زیادہ جڑے ہوئے محسوس کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ایسی فلمیں زیادہ کامیاب ہو جاتی ہیں۔ تاہم، انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ مختلف انداز کی فلمیں بناتے رہتے ہیں کیونکہ ایک ہی جیسا کام بار بار کرنا ممکن نہیں ہوتا۔





















