شیر آئے تو کچھ نہیں بچتا، چیئرمین سینیٹ کا دلچسپ تبصرہ

شفاف الیکشن ہوں تو پی پی پی پنجاب میں بڑی کامیابی حاصل کرے گی

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے بلاول بھٹو کے ’شیر جب آتا ہے سب کھا جاتا ہے‘ والے بیان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت چھوڑنے کا بلاول کا فیصلہ پیپلز پارٹی کی پالیسی ہے۔ حجرہ شاہ میں تعزیت کے بعد انہوں نے زراعت کی اہمیت اور فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ شفاف الیکشن ہوں تو پی پی پی پنجاب میں بڑی کامیابی حاصل کرے گی۔

حجرہ شاہ: چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ وہ بلاول بھٹو زرداری کے اس بیان کی حمایت کرتے ہیں کہ ’شیر جب بھی آتا ہے، سب کچھ کھا جاتا ہے‘۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی حجرہ شاہ میں دربار عالیہ شاہ محمد مقیم کے سجادہ نشین سید اعجاز علی گیلانی کی وفات پر تعزیت کرنے کے لیے ان کے خاندان سے ملنے پہنچے۔یوسف رضا گیلانی نے سجادہ نشین سید اسد علی گیلانی، سید حیدر علی گیلانی، اور ایم این اے سید رضا علی گیلانی سے تعزیت کی اور مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔

تعزیت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ زراعت کا شعبہ پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، اور اگر کسان خوشحال ہوں گے تو ملک بھی ترقی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ وہ بلاول بھٹو کے اس بیان کی مکمل حمایت کرتے ہیں کہ ’شیر جب بھی آتا ہے، سب کچھ کھا جاتا ہے‘، اور بلاول بھٹو زرداری نے حکومت سے علیحدگی کے جو بیان دیا ہے، وہی پاکستان پیپلز پارٹی کا حتمی فیصلہ ہے۔

یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ اگر شفاف انتخابات ہوں تو پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔انہوں نے فلسطین کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین اور غزہ میں اسرائیل کی جارحیت اور مسلمانوں کا قتل عام فوری طور پر بند ہونا چاہیے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین