کارتک آریان نے 631 سالہ قدیم کردار ’ناگزیلا‘ کا روپ دھار لیا

یہ مزاحیہ فلم، جو 14 اگست 2026 کو ریلیز ہوگی

بالی ووڈ اسٹار کارتک آریان نے اپنی نئی فلم ’ناگزیلا‘ کی ریلیز ڈیٹ کا اعلان ایک منفرد ٹیزر ویڈیو کے ساتھ کیا، جس میں وہ سانپ کے روپ میں نظر آئے۔ یہ مزاحیہ فلم، جو 14 اگست 2026 کو ریلیز ہوگی، کارتک کے دوہرے کردار (ہیرو اور ولن) پر مبنی ہے۔ کرن جوہر کی پروڈکشن اور مرگدیپ سنگھ لامبا کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم ’فُکرے‘ سے زیادہ ہنسی مزاح لے کر آئے گی۔

ممبئی: بالی ووڈ کے مقبول اداکار کارتک آریان نے اپنی آنے والی فلم ’ناگزیلا‘ کی ریلیز ڈیٹ کا اعلان ایک دلچسپ اور منفرد انداز میں کیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق، فلم ’ناگزیلا‘ میں کارتک آریان پہلی بار دوہرا کردار نبھائیں گے، جس میں وہ ایک ہی وقت میں ہیرو اور ولن کے طور پر نظر آئیں گے۔

فلم کی ریلیز ڈیٹ کے اعلان کے لیے کارتک آریان نے آج اپنے انسٹاگرام پر ایک ٹیزر ویڈیو شیئر کی۔ اس ویڈیو میں کئی سانپ ان کے گرد گھومتے اور ان کی ٹانگوں سے لپٹتے دکھائی دیے، جبکہ کارتک خود سانپ کے روپ میں تبدیل ہوتے نظر آئے۔

ویڈیو کے پس منظر میں بین کی آواز کے ساتھ کارتک آریان کو یہ کہتے سنا گیا کہ ’اکچھا دھاری ناگن، روپ بدلنے کی طاقت رکھنے والا سانپ، جیسے کہ میں، پریم ودیشور پیارے چند، عمر 631 سال، انسانوں والی فلمیں تو بہت دیکھ لیں، اب دیکھوں ناگوں والی فلم، پھن پھیلانے آرہا ہوں ناگ پنچمی پر، آپ کے قریبی سنیما گھروں میں، 14 اگست 2026 کو‘۔

ویڈیو کے کمنٹ سیکشن میں سوشل میڈیا صارفین نے اس دلچسپ ٹیزر کی خوب تعریف کی، جبکہ ریلیز ڈیٹ کے اعلان نے مداحوں کی بے چینی اور بڑھا دی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ فلم مشہور فلم ساز کرن جوہر اور مہاویر جین کی مشترکہ پروڈکشن ہے، جبکہ اس کی ہدایت کاری ’فُکرے‘ سیریز کے مشہور ڈائریکٹر مرگدیپ سنگھ لامبا کر رہے ہیں۔ہالی ووڈ کی مشہور فلم ’گوڈزیلا‘ سے متاثر ہو کر اس فلم کا نام ’ناگزیلا‘ رکھا گیا ہے۔ یہ ایک مزاحیہ فلم ہوگی جو انسانوں اور سانپوں کے درمیان دلچسپ تصادم کی کہانی پر مبنی ہے۔

فلم کی سب سے خاص بات کارتک آریان کا دوہرا کردار ہے، جس میں وہ ایک طرف ہیرو کے طور پر اور دوسری طرف ولن کے طور پر دکھائی دیں گے۔

’ناگزیلا‘ میں مزاح کا رنگ غالب ہوگا، اور میڈیا رپورٹس کے مطابق اس کی کہانی ’فُکرے‘ سیریز سے بھی زیادہ ہنسی مزاح سے بھرپور ہوگی۔ توقع ہے کہ یہ فلم مرگدیپ سنگھ لامبا کے کیریئر کی سب سے بڑی اور دلچسپ فلم ثابت ہوگی۔

کارتک آریان نے اپنے کیریئر کا آغاز 2011 میں فلم ’پیار کا پنچ نامہ‘ سے کیا تھا۔ انہوں نے ’بھول بھلیاں 2‘، ’بھول بھلیاں 3‘، ’سونو کے ٹیٹو کی سویٹی‘، ’لکا چھپی‘، ’چندو چیمپئن‘، اور ’ستیہ پریم کی کتھا‘ جیسی کامیاب فلموں میں اپنی شاندار اداکاری سے سب کا دل جیتا۔

ان کی فلموں کا مجموعی باکس آفس کلیکشن 1025.60 کروڑ روپے تک جا پہنچا ہے، جس کی بدولت وہ بالی ووڈ کے ٹاپ 20 سپر اسٹارز میں شامل ہو گئے ہیں۔

’ناگزیلا‘ میں ان کا دوہرا کردار ان کے کیریئر میں ایک نیا موڑ لا سکتا ہے، اور مداحوں کو اس فلم کا بے صبری سے انتظار ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین